لاہور(نامہ نگار)انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے عشرہ محرم الحرام کے دوران فول پروف سکیورٹی و دیگر انتظامات پر تمام متعلقہ اداروں کے سٹاف کو شاباش دیتے ہوئے انکی شاندار کارکردگی کو سراہا ہے۔ آئی جی پنجاب نے ویڈیو پیغام میں پولیس افسران و اہلکاروں کے ساتھ ساتھ دیگر اداروں کا بھی شکریہ ادا کرتے ہوئے کہاکہ محرم سکیورٹی کے بہترین انتظامات کا کریڈٹس صرف پولیس کو دینا مناسب نہیں، کچھ بولڈ فیصلوں کا کریڈٹ سب کو جاتا ہے۔ آئی جی پنجاب نے کہاکہ محرم کے دوران موبائل سروس بند نہ کرنے کا فیصلہ وزیر اعلیٰ پنجاب کا تھا اورفیصلہ چیف سیکرٹری پنجاب، انٹیلی جنس ایجنسیوں، ہوم ڈیپارٹمنٹ اور رینجرز سمیت قانون نافذ کرنیوالے اداروں کی مشاورت سے ہوا۔ آئی جی پنجاب نے کہاکہ واسا کے افسران نے شدید بارش میں نکاسی آب کا گھنٹوں کا کام منٹوں میں سر انجام دیا۔ الیکٹریکل سپلائی کارپوریشنز لیسکو، فیسکو سمیت دیگر اداروں نے پولز سے کرنٹ سے محفوظ رکھنے کیلئے بروقت اقدامات کئے،سو ل ڈیفنس، سالڈ ویسٹ مینجمنٹ، ہیلتھ اور ریسکیو اداروں نے جانفشانی کے ساتھ پولیس کے شانہ بشانہ فرائض ادا کئے۔ڈپٹی و اسسٹنٹ کمشنرز نے امن کمیٹیوں کے تعاون سے بین المذاہب ہم آہنگی کو یقینی بنایا۔جبکہ ڈاکٹر عثمان انور نے تھانہ کوٹ لکھپت پولیس ٹیم کو شاباش دیتے ہوئے تعریفی اسناد سے حوصلہ افزائی کی ہے، تھانہ کوٹ لکھپت پولیس نے گھر سے ناراض ہوکر نکلنے والی ذ ہنی معذور جواں سالہ لڑکیوں کے والد کو تلاش کرکے انکے سپرد کیا تھا۔ 24 سالہ مہوش اور 23 سالہ آمنہ بھائی کے ڈانٹنے پر گھر سے بھاگ آئی تھیں۔دریں اثناءانسپکٹر جنرل پولیس پنجاب نے پنجاب پولیس کی سوشل میڈیا پالیسی کو اپ گریڈ کرتے ہوئے فورس کے مثبت تشخص کو اجاگر کرتے کاموں کی تشہیر کی اجازت دے دی ہے۔فورس کے نام جاری خصوصی ویڈیو پیغام میں آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے اپ گریڈ سوشل میڈیا پالیسی کے حوالے سے بتایا کہ دور حاضر کے کمیونیکیشن سسٹم میں سوشل میڈیا انتہائی فعال اور کارآمد قوت ہے جس کا دانشمندانہ استعمال وقت کی اہم ضرورت ہے۔