سانحہ باجوڑ نے ہردردمند انسان کوسوگوار کردیا:شوکت ورک

Aug 01, 2023

لاہور(نیوز رپورٹر) ڈاکٹر اے کیو خان ہسپتال ٹرسٹ کے بانی ٹرسٹی و جنرل سیکرٹری ڈاکٹر شوکت بابر ورک نے کہا ہے کہ سانحہ باجوڑ نے ہردردمند انسان کوسوگوار کردیا۔پاکستان کے وردی پوش جوان اورعوام امن پرآنچ نہیں آنے دیں گے۔یہ امن ہمارے فوجی جوانوں اورعام شہریوں کی بیش قیمت قربانیوں کاانعام ہے، ہم امن کاپہرہ دیں گے۔بدبخت دہشت گرد کسی مذہب کے نمائندہ نہیں ہوسکتے، اسلام سمیت ہرمذہب بیگناہ انسانوں کے قتل عام کیخلاف ہے۔باجوڑ میں عوامی اجتماع پر خود کش حملے کے نتیجہ میں قیمتی جانوں کاضیاع قومی سانحہ ہے۔پاکستان کے مستعد سکیورٹی اہلکار اور نڈرعوام دہشت گردوں کاناطقہ بندکردیں گے۔اپنے ایک بیان میں ڈاکٹر شوکت بابر ورک نے مزید کہا کہ افواج پاکستان کے پروفیشنل سپہ سالار جنرل عاصم منیر اوران کے ساتھی کورکمانڈرز ملک میں دہشت گرد عناصر کودوبارہ قدم جمانے کی اجازت نہیں دیں گے۔ہمارے جانباز فوجی جوان اپنی پیشہ ورانہ مہارت کے بل پرملک میں امن وامان برقراررکھیں گے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں سی پیک کی تکمیل اورمادروطن کامعاشی طاقت کی حیثیت سے دنیا میں ابھرنا نوشتہ دیوار ہے۔پاک چین دوستی کاسورج کبھی غروب نہیں ہوگا،دونوں مخلص دوست سی پیک کیخلاف سازشوںکوناکام بنادیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاک چین دوستی کاترانہ دونوں ملکوں کے عوام ذوق و شوق سے گنگناتے ہیں۔

مزیدخبریں