لاہور (نیوز رپورٹر) وزیر پرائمری و سیکنڈری ہیلتھ کیئر ڈاکٹر جمال ناصر نے خبردار کیا ہے کہ سرکاری ہسپتالوں میں آنے والے مریضوں کو پرائیویٹ لیبارٹریوں سے ٹیسٹ کروانے کی ہدایت کرنے والے ڈاکٹروں کے خلاف سخت کارروائی کی جائےگی۔نارووال اور شیخوپورہ میں ایسا کرنے والے ڈاکٹر معطل کر دئیے ہیں۔ سرکاری ہسپتالوں کی لیبارٹریوں میں تمام اہم اور ضروری ٹیسٹوں کی سہولت موجود ہے۔ڈاکٹرز غرباءکو بازار سے دوائیں خریدنے اور پرائیویٹ لیبارٹریوں سے ٹیسٹ کروانے کی ہدایت نہ کریں۔ سرکاری لیبارٹریوں میں کوالٹی کنٹرول اور ٹیسٹوں کا معیار بڑھانے کےلئے ایس او پیز تیار کرکے ان کا نوٹیفکیشن کر دیا گیا ہے۔ ایس او پیز کو لیبارٹریوں میں نمایاں جگہ پر آویزاں کیا جائے۔انہوں نے چیف ایگزیکٹو افسران کے اجلاس سے خطاب کرتے کہا کہ ڈاکٹرز مریضوں کو صرف ضروریٹیسٹ ہی لکھ کر دیں۔انہوں نے ہدایت کی مریضوں کو سرکاری لیبارٹریوں کی خدمات شام کے وقت بھی مہیا کی جائیں۔اجلاس میں سیکرٹری ہیلتھ علی جان خان ، ایڈیشنل سیکرٹری خضر افضال اور راشد ارشاد اورڈائریکٹر جنرل ہیلتھ ڈاکٹر الیاس گوندل و دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔