باجوڑ ، حملہ داعش نے ذمہ داری قبول کرلی ، اموات 54 ، سی پیک تقریبات سادگی سے منانے کا فیصلہ 

Aug 01, 2023

باجوڑ،جدہ، ریاض، اسلام آباد( نوائے وقت رپورٹ،خبرنگار)باجوڑ میں جے یو آئی کے ورکرز کنونشن میں ہونے والے خودکش حملے میں جاں بحق افراد کی تعداد 54 ہوگئی ہے۔جس میں سے 49 افراد کی شناخت ممکن ہو سکی ہے جبکہ دھماکے میں زخمی ہونے والے 83 افراد مختلف ہسپتالوں میں زیر علاج جن میں سے 15 کی حالت تشویشناک ہے۔ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی شوکت عباس نے اس حوالے سے بتایا کہ جے یو آئی کا جلسہ دوپہر 2 بجے شروع ہوا اور دھماکا 4 بجکر 10 منٹ پر ہوا۔موقع سے بال بیرنگ وغیرہ ملے ہیں، دھماکا خود کش تھا اور حملہ آور گروپ کی شناخت ہوئی ہے، دھماکہ میں کوئی خاص ٹارگٹ تھا۔جائے وقوعہ سے بہت سارے شواہد ملے ہیں، ابتدائی انکوائری میں ملزموں تک تقریبا پہنچ چکے ہیں، فرانزک رپورٹس کا انتظار ہے۔دوسری جانب ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر نذیر خان کا کہنا ہے کہ باجوڑ دھماکے کے بعد تین مشکوک افراد کو حراست میں لیاگیا ہے۔اسلامی تعاون تنظیم نے باجوڑ میں خودکش دھماکے کی پرزور الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔ اسلامی تعاون تنظیم او آئی سی نے باجوڑ میں خودکش حملے کی مذمت کی ہے۔ سیکریٹری جنرل او آئی سی حسین ابراہیم طہ کا اپنے بیان میں کہنا ہے کہ اسلامی تعاون تنظیم دہشتگردی کے واقعے کی پر زور مذمت کرتی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ خودکش دھماکے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر افسوس ہوا، جاں بحق افراد کے لواحقین کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں، زخمی ہونیوالے افراد کی جلد صحت یابی کیلئے دعاگو ہیں۔متحدہ عرب امارات نے بھی خودکش حملے کی مذمت کی ہے ۔مسلم ممالک کی قیادت اور مسلم عالمی اداروں کے سربراہان نے باجوڑ میں خود کش حملے کی مذمت کرتے ہوئے سوگوار خاندانوں سے ہمدردی کا اظہار کیا۔ اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی)کے سیکرٹری جنرل حسین براہیم طحہ نے اپنے بیان میں دھماکے کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کی ہے۔خلیجی عرب ریاستوں کیلئے تعاون کونسل کے سیکرٹری جنرل جاسم محمد البداوی نے بھی بم دھماکے کی مذمت کی اور کہا کہ تعاون کونسل کا موقف مضبوط ہے۔ ریاست قطر، ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان ،مصر نے بھی بم دھماکے کی مذمت کی اور تشدد کی تمام اقسام کو واضح طور پر مسترد کرنے کیلئے اپنے مضبوط موقف کی تجدید کی۔ جبکہ وزیر اعظم شہباز شریف نے باجوڑ میں دہشت گردی کے واقعے کے سوگ میں سی پیک کی دس سالہ تقریبات سادگی سے منانے کا فیصلہ کیا ہے۔سی پیک کے دس سال مکمل ہونے کی خوشی میں کلچر شو بھی منسوخ کر دیا گیا، سی پیک کے دس سال مکمل ہونے کی خوشی میں منعقدہ تقریب کلچرل شو کے بغیر سادگی سے منعقد ہو گی۔وزیراعظم شہباز شریف نے ہدایت کی ہے کہ قوم سوگ کی حالت میں ہے لہٰذا کلچر شو منعقد نہ کیا جائے، چین کے نائب وزیر اعظم ہی لی فینگ کی آمد کے موقع پر کلچرل شو منعقد ہونا تھا۔غیرملکی خبر ایجنسی کے مطابق کالعدم تنظیم داعش نے باجوڑ میں خودکش حملے کی ذمہ داری قبول کر لی۔چین نے باجوڑ میں ایک ریلی میں ہونے والے بم حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے وہ ہر قسم کی دہشت گردی کی سختی سے مخالفت کرتا ہے۔ وزارت خارجہ کے ترجمان نے پیر کو سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا ہمیں اس حملے سے شدید صدمہ پہنچا ہے۔ چین ہر قسم کی دہشت گردی کی سختی سے مخالفت اور شہریوں پر ہونے والے اس بم حملے کی سختی سے مذمت کرتا ہے۔ ترجمان نے کہا کہ ہم اس واقعہ کے متاثرین کے لیے سوگوار ہیں اور ان کے اہل خانہ اور زخمی ہونے والوں سے ہمدردی کا اظہار کرتے ہیں۔

اسلام آباد (خبر نگار خصوصی )مصر کی عظیم اور تاریخی درسگاہ جامع الازہر کے سربراہ الشیخ احمد الطیب نے پاکستان میں دھماکے کی شدید مذمت کی ہے اپنے بیان میں شیخ الازہر الشیخ احمد الطیب نے خار میں ہونے والے دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا مجلس حکماءالمسلمین اس قسم کی دہشت گردی کی بھرپور مذمت کرتی ہے انہوں نے کہا یہ دھماکہ تمام مذاہب کی تعلیمات اور آسمانی کتب اور شریعت کے احکامات کے منافی عمل ہے ضرورت اس امر کی ہے اس دہشت گردی کیخلاف عالمی سطح پر متحد ہو کر جدوجہد کی جائے انہوں نے شہداءکے خاندانوں سے تعزیت اور زخمیوں کی صحت یابی کی دعا بھی کی۔

مزیدخبریں