چینی نائب وزیراعظم کا دورہ سی پیک کی پیشرفت کو تقویت دے گا،یونائٹیڈ بزنس گروپ

کراچی(کامرس رپورٹر)یونائیٹڈ بزنس گروپ (یو بی جی) کے صدرزبیرطفیل،سیکرٹری جنرل( سندھ زون)حنیف گوہر،مرکزی ترجمان گلزارفیروز اور سینئررہنما ملک خدا بخش نے چین کے نائب وزیر اعظم ہی لیفینگ( He Lifeng) کے دورہ پاکستان کاپرجوش خیرمقدم کرتے ہوئے اس توقع کا اظہار کیا ہے کہ چینی نائب وزیراعظم کا دورہ چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) کی پیشرفت کو تقویت دے گا اور اس کے دوسرے مرحلے (2030) کی تکمیل میں اہم کردار ادا کرے گا۔یو بی جی رہنمائوں نے امیدظاہر کی کہ چینی نائب وزیراعظم دورہ پاکستان کے دوران دونوں ممالک کے درمیان کاروبار سے کاروبار کے لیے تعاون کے نئے مواقع تلاش کیے جائیں گے، صنعت کاری اور پہلے سے استعمال نہ کیے گئے شعبوں میں سرمایہ کاری کو فروغ دیا جائے گا۔ مزید برآں چینی ٹیکنالوجی کے استعمال سے وقت کی اہم ضرورت کو پورا کرتے ہوئے زرعی پیداواری صلاحیت میں اضافہ متوقع ہے۔یو بی جی رہنمائوں نے کہا کہ نائب وزیر اعظم ہی لیفینگ کی موجودگی میں سی پیک کی دس سالہ تقریبات سے دونوں ممالک کی کاروباری برادریوں کے اندر نئی امنگوں کی حوصلہ افزائی اور ایندھن پیدا کرنے کی توقع ہے، جس سے معاشی تعاون اور خوشحالی بڑھے گی۔

ای پیپر دی نیشن