کراچی(کامرس رپورٹر)پاکستان میں قیمتی دھات کی خریداری اور اس کی فروخت کو باقاعدہ دستاویزی بنانے کی حکمت عملی پر تیزی سے کام شروع کردیا گیا ہے جبکہ پاکستان مرکنٹائل ایکس چینج (پی ایم ای ایکس)نے خوردہ سطح پر قیمتی دھات کی خرید و فروخت کو 'دستاویز' اور 'ریگولرائز' کرنے کے لیے اپنے پلیٹ فارم پر فزیکل گولڈ کی تجارت کو ملک گیر بولی میں متعارف کرانے کا منصوبہ بنالیا ہے۔ اس ضمن میںپی ایم ای ایکس کے منیجنگ ڈائریکٹر اعجاز علی شاہ نے بتایاکہ ملک کا واحد فیوچر ایکسچینج اپنے پلیٹ فارم پر سرکاری گولڈ مارکیٹ قائم کرنے کے لیے حکومت کے ساتھ بہت جارحانہ انداز میں بات کر رہا ہے۔انہوں نے کہا تمام سونا مثالی طور پرپی ایم ای ایکس کے ذریعے درآمد کیا جانا چاہیے۔ اعجاز علی شاہ نے کہا کہ حکومت کے علاوہ پی ایم ای ایکس اس وقت پاکستان جیمز جیولری ٹریڈرز اینڈ ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن، سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان اور اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے ساتھ ایک باضابطہ گولڈ مارکیٹ کے قیام کے لیے بات چیت کر رہا ہے۔انکا کہنا ہے کہ پاکستان میں سونا بڑی مقدار میں موجود ہے اگر ہم اس اثاثے کو منظم کریں تو ہم بین الاقوامی سطح پر بڑی مالی طاقت حاصل کر سکتے ہیں۔
ملک میں سونے کی خریدو فروخت دستاویزی بنانے کی حکمت عملی پرکام کا آغاز
Aug 01, 2023