لاہور(سپورٹس رپورٹر) بھارت میں ہونے والی ایشین ہاکی چیمپیئنز ٹرافی کے لیے قومی ٹیم کا تربیتی کیمپ ختم ہوگیا۔ عمر بھٹہ کی قیادت میں ٹیم آج واہگہ بارڈرز کے راستے براستہ امرتسر چنائی روانہ ہوگی۔ ہیڈکوچ شہناز شیخ کو تاحال بھارتی ویزا جاری نہیں ہوسکا۔ انڈیا کے شہر چنائے میں 3 اگست تا 12 اگست کھیلی جانے والی ایشیئن چیمپینز ٹرافی میں شرکت کرنے والی پاکستان ہاکی ٹیم میں ٹیم کٹس تقسیم کردی گئیں۔ اس موقع پر ٹیم کے منیجر کرنل ر محمد عمر صابر، ٹیم کوچز پینل اولمپیئن ریحان بٹ ، اولمپیئن محمد ثقلین و دیگر ٹیم مینجمنٹ بھی موجود تھے۔ قومی ہاکی ٹیم یکم اگست صبح 8 بجے پی ایچ ایف لاہور ہیڈ کوارٹر سے روانہ ہوگی۔ براستہ واہگہ بارڈر امرتسر سے بزریعہ ہوائی جہاز 4 بجے شام پھربراستہ بنگلور 9 بجے رات چنائے پہنچے گی۔ پاکستان اپنا پہلا میچ 3 اگست کو ملائشیا کیساتھ،دوسرا میچ 4 اگست کو کوریا کیساتھ، تیسرا میچ 6 اگست کو جاپان کیساتھ، چوتھا میچ 7 اگست کو چین کیساتھ، پانچواں میچ 9 اگست کو روایتی حریف بھارت کیساتھ کھیلے گا۔ ایونٹ کا فائنل 12 اگست کو کھیلا جائے گا۔