بیروت(این این آئی)لبنان میں فلسطینی پناہ گزین کیمپ میں دو روز سے جاری جھڑپوں میں 11افراد ہلاک ہو گئے ۔میڈیارپورٹس کے مطابق عین الحلوہ کیمپ میں فلسطینی صدر محمود عباس کے دھڑے فتح کے کارکنوں کی شدت پسندوں کی حمایت کرنے والے حریف گروہوں کے خلاف جھڑپیں ہوئی ہیں۔لبنان کے جنوب میں واقع ساحلی شہر صیدا کے قریب واقع عین الحلوہ کیمپ میں گھات لگا کر کیے گئے حملے میں فتح کا ایک کمانڈر ہلاک ہو گیا اور اس میں اس کے متعدد ساتھی زخمی ہو گئے۔ایک سکیورٹی ذریعے نے بتایا کہ ان میں سے چار افراد بعد میں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسے ہیں اور کیمپ میں وقفے وقفے سے جھڑپوں میں شدت آ گئی۔ایک عینی شاہد نے بتایا کہ متحارب گروپوں کے درمیان کشیدگی بڑھنے کے بعد دکانوں نے اپنے دروازے بند کر دیے اور کچھ لوگ لبنان میں فلسطینیوں کے سب سے بڑے پناہ گزین کیمپ سے فرار ہوگئے ہیں۔ لبنانی فوج کا کہنا تھا کہ ایک مارٹر اس کے ہیڈ کوارٹر کے اندر گرا جس کے نتیجے میں ایک فوجی زخمی ہوگیا۔فلسطینی پناہ گزینوں کی فلاح و بہبود کے لیے کام کرنے والے اقوام متحدہ کے تحت ادارے انروا نے کہا کہ وہ عین الحلوہ میں مقیم قریبا 50 ہزار افراد کو بنیادی سہولیات مہیا کرتا ہے۔