سرینگر‘ جموں (کے پی آئی) مقبوضہ جموں و کشمیر میں قابض بھارتی فوجیوں نے اپنی ریاستی دہشت گردی کی تازہ کارروائی کے دوران گزشتہ روز ضلع جموں میں ایک کشمیری نوجوان کو شہید کر دیا۔ بھارتی پیراملٹری بارڈر سیکیورٹی فورس نے نوجوان کو ضلع کے علاقے ارنیا میں محاصرے اورتلاشی کی ایک کارروائی کے دوران شہید کیا۔ جبکہ سرینگر کی ایک عدالت نے کل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنما ئ اور جموں وکشمیر ماس موومنٹ کے چیف آرگنائزرعبدالرشید لون کے ایک اورجعلی مقدمے میں وارنٹ گرفتار ی جاری کر دیے ہیں۔دوسری جانب بھارتی پولیس کے ایک اہلکار نے سرینگر میں خود کشی کر لی۔ پولیس کے آرمڈ ونگ کی 10ویں بٹالین کے کانسٹیبل نے سرینگر کے علاقے راجباغ کے ایک ہوٹل میں اپنی سروس رائفل سے خود کو گولی ماری دی۔جموں کے علاقے جانی پور میں بڑی تعداد میں لوگوں نے بجلی بلوں کے نئے نظام کے خلاف احتجاج کیا۔ مظاہرین نے ہاتھوں میں پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے اور انہوں نے جانی پور مین اسٹاپ پر ٹریفک کو روکتے ہوئے پاور ڈیولپمنٹ کارپوریشن جموں کے خلاف نعرے لگائے۔ اس دوران مظاہرین ''گھروں سے نکلو،بد دیانتی کے خلاف لڑو''اور'' غنڈہ گردی نہیں چلے گی'' جیسے نعرے لگا رہے تھے۔