اسلام آباد کے ڈپلومیٹک انکلیو میں انٹرنیشنل پارلیمنٹرینز کانگریس کے مستقل ہیڈ کوارٹر کا سنگ بنیاد

 اسلام آباد (این این آئی)اسلام آباد کے ڈپلومیٹک انکلیو میں انٹرنیشنل پارلیمنٹرینز کانگریس کے مستقل ہیڈ کوارٹر کا سنگ بنیاد رکھ دیا گیا ۔انٹر نیشنل پارلیمنٹرینز کانگریس (IPC) کے مستقل ہیڈ کوارٹر کے سنگِ بنیاد کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے کہا کہ انٹرنیشنل پارلیمنٹرینز کانگریس کے نئے ہیڈکوارٹر کا قیام ہمارے مشترکہ ویژن کا عکاس ہے اس اہم سنگ میل کے لئے میں وزیراعظم پاکستان محمد شہباز شریف کی حمایت کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرتا ہوں۔انہوںنے کہاکہ و زیراعظم پاکستان کی مسلسل حمایت اور رہنمائی سے آئی پی سی کے مقاصد کے حصول میں کامیابی حاصل ہوئی، آئی پی سی کے مشن کے لئے حکومت پاکستان کی غیر متزلزل حمایت قابل تحسین ہے اور وزیراعظم پاکستان کی طرف سے اس ادارے کے قیام میں معاونت اور اس اہم جگہ پر اس کے لئے زمین کی فراہمی ان کی ذاتی دلچسپی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ ہم سب کی ثابت قدمی اور مسلسل کاوشوں کی بدولت آئی پی سی عالمی چیلنجوں سے نمٹنے کے لئے ایک اہم ادارے کے طور پر ابھر کر سامنے آیا ہے۔محمد صادق سنجرانی نے کہا کہ بین الپارلیمانی یونین کے صدر دوار تے پچیکوکی خدمات بھی قابل تحسین ہیں۔ان کے بھر پور تعاون اور دلچسپی سے نہ صرف اس مشن کو تقویت ملی بلکہ اس کی تکمیل میں بھی اہم کردارا دا کیا ہے،آئی پی سی کا تصور ایوان بالاء سے شروع ہوا اور مختصر عرصے میں ایک اہم پلیٹ فارم بن گیا جس نے اقوام عالم کو درپیش چیلنجز کے حل کے لئے موثر روڈ میپ فراہم کیا۔ اس ادارے کی بدولت اقوام عالم کو درپیش چیلنجز جن میں امن و امان کا قیام، معاشی استحکام کو یقینی بنانا اور ماحولیاتی تغیرات کے چیلنجز سے نمٹنے کے لئے لائحہ عمل مرتب کرنے کے لئے پلیٹ فارم میسر ہوگا۔ محمد صادق سنجرانی نے کہا کہ آئی پی سی نے 50 ممالک کے 193 اراکین پارلیمنٹ کو ایک نقطہ نظر پر یکجا کیا ہوا ہے اور عالمی چیلنجز کو ڈائیلاگ کے ذریعے حل کرنے کے لئے کو شاں ہے۔

ای پیپر دی نیشن