آج سے 30 اگست تک استحکام پاکستان علماء و مشائخ کانفرنسز‘ سیمینار ہونگے: طاہر اشرفی

لاہور (خصوصی نامہ نگار) پاکستان علماء کونسل کے زیراہتمام یکم اگست تا 30 اگست ملک بھر میں استحکام پاکستان علماء و مشائخ کانفرنسز، سیمینارز منعقد ہوں گے۔ کانفرنسوں اور سیمینارز میں ملک میں استحکام کیلئے بین المسالک و بین المذاہب مکالمہ، انتہا پسندی اور شدت پسندی کے خاتمے کیلئے محراب و منبر کا کردار، نظام عدل کی اصلاح ، سودی نظام کا خاتمہ، پاکستان میں ہر سطح پر نوجوان نسل کی رہنمائی، پاکستان کو عدم استحکام سے دو چار کرنے کی سازشیں کرنے والے عناصر اور قوتوں کے محاسبہ کیلئے اتحاد جیسے اہم موضوعات پر علماء و مشائخ ، مفکرین، دانشور و سیاسی و مذہبی قائدین خطاب کریں گے اور لائحہ عمل کا اعلان کریں گے۔ چیئرمین پاکستان علماء کونسل حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ہم سب کا ہے۔ پاکستان کا تحفظ اور استحکام ہم سب کی ذمہ داری ہے۔ گذشتہ روز باجوڑ کے سانحہ کو کسی بھی صورت درست نہیں کہا جا سکتا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک بار پھر استحکام کی طرف جا رہا ہے جو پاکستان دشمن قوتوں کو قبول نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان علماء کونسل کا 50رکنی وفد چیف جسٹس آف پاکستان کے پاس جائے گا اور انہیں ملک کے موجودہ نظام عدل کے حوالے سے قوم کے تحفظات سے آگاہ کرے گا۔

ای پیپر دی نیشن