اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) وزیرِ مملکت برائے پیٹرولیم مصدق ملک نے کہا ہے کہ آخری کچھ دن رہ گئے ہیں ، گنتی گن رہے ہیں ، نوجوان مایوس نہ ہوں، ملک کا مستقبل تابناک ہے۔مصدق ملک نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں معدنیاتی مٹی کی قیمت 6.1 ٹریلین ڈالر ہے، ملک بے شمار معدنیات سے مالا مال ہے، معدنیات کی مائننگ سے سب سے زیادہ فائدہ غریب عوام کو ہو گا۔انہوں نے کہا کہ ہم معدنیاتی مٹی کو آگ میں جلا کر اس میں سے دھات نکالیں گے، بلوچستان میں چھوٹی چھوٹی فیکٹریاں لگائیں گے، جہاں جہاں مائننگ ہوگی اس کو گوادر پورٹ سے منسلک کریں گے، ہم نے ترقی کا سفر طے کرنا ہے مٹی کا سفر نہیں۔انہوں نے کہا کہ معدنیات کے انقلاب سے ملک میں روزگار کے بیشمار مواقع پیدا ہوں گے، اگر 100ٹن مٹی میں سے 1ٹن میٹل بیچیں تو 5ہزار ڈالر کماتے ہیں ، اس معدنیاتی انقلاب کے لیے ہمارے 3 گول ہیں ، جو معدنیات اور مٹی ہم بیچیں گے اس سے ملک لاکھوں ڈالر کمائے گا، سونا اور تانبا ملک کی تقدیر بدلے گا۔ لیگی رہنما کا کہنا تھا کہ بلوچستان میں مزدور طبقہ بہت ہے، ان کو ملازمت فراہم کریں گے، ہم اس مٹی سے عوام کو فائدہ پہنچائیں گے۔انہوں نے کہا کہ نوکر شاہی کے بوجھ کو ختم کیا جائے گا، اس نوکر شاہی کو کاٹیں اور آگ لگادیں۔وزیر مملکت نے کہا کہ اس ملک میں آپ کو ناامیدی کیوں نظر آتی ہے، ہم ان معدنیات پر فوکس کر رہے ہیں، معدنیاتی انقلاب سے ملکی برآمدات میں اضافہ ہو گا۔مصدق ملک نے کہا کہ خام معدنیات سے دھاتوں کو نکالنے کے کام کا آغاز کیا جائے گا، معدنیات کی کھدائی کے حوالے سے نئی قانون سازی کی جائے گی، انسانی اور ماحولیاتی تحفظ کے لیے واضح منصوبہ بندی ہو گی ، پاکستان میں اتنے ہمارے ڈویڑن نہیں جتنے قوانین ہیں، تمام قوانین کو ضم کرکے ایک پیکج بنائیں گے۔وزیرمملکت نے مزید کہا کہ بیرونی سرمایہ کاروں کو ملک میں خوش آمدید کہیں گے، سرمایہ کاروں کے لیے ون ونڈو آپریشن عمل شروع کیا جائے گا۔