اسلام آباد(نامہ نگار)آئل اینڈ گیس ڈویلپمنٹ کمپنی لمیٹڈ (اوجی ڈی سی ایل) نے جولائی 2023کے مہینے کے دوران تیل، گیس اور ایل پی جی کی پیداوار میں غیر معمولی اضافہ ریکارڈ کیا ہے۔کمپنی نے متعدد ایکسپلوریشن اور ڈویلپمنٹ کنووں سے آئل اور گیس کی پیداوار میں شاندار کامیابی حاصل کی ہے۔کمپنی کی یہ نمایاں کامیابیاں پاکستان کے توانائی کے شعبہ کو مضبوط تر بنا رہی ہے۔ او جی ڈی سی ایل کی نمایاں کامیابیوں میں کنواں نیم ایسٹ 1 کی کامیاب پرفارمنس شامل ہے۔نم ایسٹ1 کنواں جوصوبہ سندھ کے ضلع ٹنڈوالٰہ یار میں واقع ہے جس میں او جی ڈی سی ایل کے 95فیصد اور گورنمنٹ ہولڈنگز (پرائیویٹ) لمیٹڈ کے 5 فیصد) حصص ہیں، ایک شاندار کامیابی ثابت ہوا۔چھ انچ قطر 12.5 کلومیٹر طویل پائپ لائن بچھانے کے بعد اس کنویں سے 585 بیرل یومیہ اضافی خام تیل، 7.4ملین کیوبک فٹ گیس (ایم ایم ایس سی ایف ڈی) اور 32 میٹرک ٹن یومیہ لیکویفائی پٹرولیم گیس (ایل پی جی) کی اضافی پیداوار حاصل ہورہی ہے۔اس کنویں سے حاصل ہونے والی گیس 20جولائی، 2023سے سوئی سدرن گیس کمپنی لمیٹڈ ((ایس ایس جی سی ایل) کے نیٹ ورک میں بلارکاوٹ شامل کردی گئی ہے۔