اسلام آباد(خبرنگار)وفاقی وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی اور ماحولیاتی رابطہ سینیٹر شیری رحمان نے کہا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی چین پاکستان اقتصادی راہداری منصوبے (سی پیک)کی 10 ویں سالگرہ کی تقریبات میں شرکت کے لئے آئے چین کے نائب وزیر اعظم ہی لی فینگ کا پرتپاک خیرمقدم کرتی ہے پیر کو اپنے ٹویٹ میں انہوں نے کہا کہ ہمیں پاکستان اور چین کے درمیان پائیدار دوستی پر فخر ہے جس کی بنیاد شہید ذوالفقار علی بھٹو اور چیئرمین مازے تنگ نے رکھی، ہمارے لئے سی پیک ایک قابل فخر منصوبہ ہے جس کا سہرا صدر شی جن پنگ اور آصف علی زرداری کو جاتا ہے انہوں نے کہا کہ صدارت کا عہدہ سنبھالنے کے بعد آصف علی زرداری نے اپنا پہلا سفارتی دورہ چین کا کیا تاکہ شہید ذوالفقار علی بھٹو اور شہید بے نظیر بھٹو کے قائم کردہ دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط کیا جا سکے، انہوں نے پہلے سال میں چار بار چین کا دورہ کیا۔ آصف علی زردای نے بطور صدر اپنے دور میں متعدد بار چین کا دورہ کیا اور صدارت چھوڑنے کے بعد بھی انہوں نے بلاول بھٹو زرداری کے ہمراہ سی پیک کی پیشرفت کو بڑھانے کے لئے چین کا دورہ کیا، یہی وجہ ہے چین کی حکومت نے ان کو سی پیک کا بانی قرار دیا، یہ تاریخ ساز منصوبہ ہمارے دوطرفہ تعلقات کو مضبوط بنانے میں ایک اہم سنگ میل ثابت ہوا ہے انہوں نے کہا کہ سابق نااہل حکومت کی وجہ سے سی پیک سست روی کا شکار ہوا تاہم ہم اس گیم چینجر منصوبے کو تیزی سے آگے بڑھانے کے خواہاں ہیں۔ انہوں نے اپنے ٹویٹ میں پاک چین دوستی زندہ باد کا نعرہ بھی تحریرکیا۔