پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین اوروزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے مولانا فضل الرحمان سے ان کی رہائشگاہ پر ملاقات کی اورباجوڑ میں جے یو آئی ورکرز کنونشن میں خود کش بم دھماکے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر اظہار تعزیت کیا۔ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے مولانا عبدالغفور حیدری، مولانا عطاء الرحمان، مولانا اسعد محمود اور زاہد اکرم درانی سے بھی دہشت گردی کے واقعے میں معصوم جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہارکیا۔ انہوں نے کہا کہ باجوڑ سانحے میں شہید ہونے والے جے یو آئی کارکنان، طلبااور شہریوں کے لواحقین کے دکھ کو محسوس کرسکتا ہوں،پاکستان پیپلزپارٹی جمعیت علمائے اسلام کے کارکنان کے دکھ میں برابر کی شریک ہے۔ انہوں نے کہا کہ سانحہ باجوڑ ملک میں امن و امان کی صورت حال کو خراب کرنے کی ایک ناکام کوشش ہے۔ انہوں نے سانحہ میں شہیدہونے والوں کے بلندی درجات کیلئے فاتحہ خوانی اور لواحقین کے صبر جمیل کے لئے دعا بھی کی۔ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے ہمراہ وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے بھی باجوڑ کی تحصیل خار میں جے یو آئی ورکرز کنونشن میں دھماکے پر افسوس کا اظہار کیا۔