مہنگائی کے ستائے عوام کیلئے بری خبر،حکومت نے جاتے جاتے پھر پیٹرول بم گرا دیا۔ تفصیلات کے مطابق حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا اعلان کر دیا،پیٹرول کی قیمت میں 19 روپے 95 پیسے فی لیٹر اضافہ کر دیا گیا،جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 19 روپے 90 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا گیا ہے۔ پیٹرول کی نئی قیمت 272 روپے 95 پیسے فی لیڑ مقرر کی گئی،ہائی اسپیڈ ڈیزل کی نئی قیمت 273 روپے 40 پیسے فی لیٹر ہو گی۔ پیٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا اطلاق فوری طور پر ہو گا۔ وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف سے آج صبح پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں پر مشاورت ہوئی،ہم آئی ایم ایف پروگرام میں ہیں سب کو پتہ ہے کمٹمنٹ ہے۔ انکا کہنا تھا کہ ملکی مفاد کو مدِ نظر رکھتے ہوئے پیٹرولیم مصنوعات کے نرخ میں کم سے کم اضافہ کیا جا رہا ہے،کل رات پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا تعین کرنا تھا۔ عالمی سطح پر گزشتہ 15 دن میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں بڑھیں۔ یاد رہے کہ اس سے قبل ماہر معیشت خرم شہزاد نے خدشے کا اظہار کیا کہ یکم اگست سے پاکستان میں پٹرولیم مصنوعات مہنگی ہو سکتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں روپے کی قدر میں کمی ہوئی، جبکہ عالمی مارکیٹ میں بھی تیل کی قیمتوں میں اضافہ ہوا ہے، اس لیے امکان ہے کہ یکم اگست سے پٹرولیم مصنوعات سستی نہیں ہوں گی، بلکہ ممکن ہے کہ قیمتوں میں اضافہ کر دیا جائے گا۔ یہاں یہ بھی واضح رہے کہ پٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کے اعلان سے قبل اوگرا نے بھی ایل پی جی مہنگی کرنے کا اعلان کیا۔ اوگرا نے ایل پی جی کی قیمتوں میں اضافے کا اعلان کر کے متوسط اور غریب طبقات کیلئے ایل پی جی استعمال کرنا مزید مشکل بنا دیا۔ ایل پی جی کے 11.8 کلو گرام کے گھریلو سلنڈر کی قیمت میں281 روپے51 پیسے اضافے کے بعد نئی قیمت 2373 روپے 64 پیسے مقرر کی گئی۔