لاہور(سپورٹس رپورٹر) پاکستان مینز انڈر 19 کرکٹ ٹیم اس سال نومبر میں 50 اوورز کی سہ فریقی سیریز میں حصہ لے گی جس میں متحدہ عرب امارات اور افغانستان کی ٹیمیں شامل ہونگی۔ متحدہ عرب امارات اس سیریز کا میزبان ہے۔ ڈبل لیگ کی بنیاد پر ہونے والے اس ایونٹ کے افتتاحی میچ میں پاکستان کا مقابلہ متحدہ عرب امارات سے ہوگا۔ سیریز کی دو ٹاپ ٹیمیں فائنل کیلئے کوالیفائی کریں گی۔ یہ سیریز اے سی سی مینز انڈر 19 ایشیا کپ سے قبل کھیلی جائیگی۔ دورے سے قبل پی سی بی نیشنل انڈر 19 کپ (ایک روزہ فارمیٹ) اور نیشنل انڈر 19 چیمپئن شپ (تین روزہ فارمیٹ) کا انعقاد کریگا جس کا آغاز اکتوبر میں ہوگا۔ یہ ٹورنامنٹ انڈر 19 کھلاڑیوں کو پاکستانی سکواڈ میں جگہ بنانے کا بہترین موقع فراہم کریگا۔پی سی بی کے ڈائریکٹر انٹرنیشنل کرکٹ عثمان واہلہ کا کہنا ہے کہ خوشی ہے کہ پاکستان مینز انڈر 19 ٹیم اے سی سی مینز انڈر 19 ایشیا کپ سے قبل متحدہ عرب امارات میں انڈر 19 سہ فریقی سیریز میں حصہ لے گی۔شیڈول کے مطابق انڈر 19 سہ فریقی سیریز (50 اوورز ) ،13 نومبر کوپاکستان بمقابلہ متحدہ عرب امارات ہوگا ،15 نومبر کوافغانستان بمقابلہ پاکستان ،17 نومبر کومتحدہ عرب امارات بمقابلہ افغانستان،19 نومبر کوپاکستان بمقابلہ افغانستان،21 نومبر کوافغانستان بمقابلہ متحدہ عرب امارات،23 نومبر کو متحدہ عرب امارات بمقابلہ پاکستان ہوگا اور 26 نومبر کوفائنل کھیلا جائیگا ۔
پاکستان انڈر 19 ٹیم امارات میں سہ فریقی ون ڈے سیریز کھیلے گی
Aug 01, 2024