لاہور(سپورٹس رپورٹر)پیرس اولمپکس میں میڈلز جیتنے پر بین الاقوامی اولمپک کمیٹی کی جانب سے تو کوئی انعامی رقم نہیں لیکن مختلف ملکوں نے اپنے اتھلیٹس کیلئے پرکشش انعامات کا اعلان کیا ہے۔ہانگ کانگ کے اعلان کے مطابق گولڈ میڈل جیتنے پر اتھلیٹ کو 7 لاکھ 68 ہزار امریکی ڈالرز ملیں گے جو پاکستانی کرنسی میں 21 کروڑ سے زائد بنتے ہیں۔ سلور میڈلسٹ کو 3 لاکھ 84 ہزار ڈالرز جبکہ برونز میڈلسٹ کو ایک لاکھ 92 ہزار ڈالرز ملیں گے۔سنگاپور کے حکام اپنے اتھلیٹس کو گولڈ میڈل پر 7 لاکھ 45 ہزار امریکی ڈالرز، یعنی 20 کروڑ روپے پاکستانی انعام دیں گے۔انڈونیشیا اتھلیٹس کو گولڈ میڈل پر پاکستانی کرنسی کے مطابق 8 کروڑ 36 لاکھ، قازق اتھلیٹس کو 6 کروڑ 97 لاکھ اور ملائیشین اتھلیٹس کو 6 کروڑ روپے ملیں گے۔ سپین کے اتھلیٹس کو گولڈ میڈل جیتنے پر ایک لاکھ امریکی ڈالرز سے زائد انعام ملے گا جو 2 کرورڑ 84 لاکھ پاکستانی روپے کے برابر ہے۔فرانس کے گولڈ میڈلسٹس پاکستانی کرنسی میں 2 کروڑ 42 لاکھ ، جنوبی کوریا کے سوا کروڑ اور امریکی اتھلیٹس کو حکام سے ایک کروڑ 60 لاکھ پاکستانی روپے کے مساوی انعام ملے گا۔پاکستان کاگولڈ میڈلسٹ ایک کروڑ روپے کا حقدار ہوگا۔ سلور میڈلسٹس کو 50 لاکھ اور برونز میڈلسٹ کو 30 لاکھ انعام دیتی ہے۔