حافظ آباد:ڈسٹرکٹ بار کے زیر اہتمام محبت اہلِ بیت سیمینار 

حافظ آباد(نمائندہ نوائے وقت) ڈسٹرکٹ بار حافظ آباد کے زیر اہتمام ’’ محبت اہلِ بیت سیمینار‘‘ کا انعقاد کیا گیا۔ سیمینار سے دعوتِ اسلامی کی مرکزی مجلس شوریٰ کے رُکن، انٹر نیشنل اسلامک سکالر حاجی یعفور رضا عطاری نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حضور نبی کریمؐ کیاہل قرابت اور اہل بیت اطہار سے محبت و مؤدت اور عقیدت و احترام سعادت مندی اور خوش نصیبی کی پہچان ہے۔تمام اُمت مسلمہ پر ان پاکیزہ حضرات کی محبت و تعظیم ضروری ہے اور ان سے بغض و عداوت نفرت و عناد اور ان کی توہین و تنقیص بد نصیبی اور دنیا و آخرت میں خسارہ و نقصان کا سبب اور اللہ کے غضب و قہر کے نازل ہونے کا باعث ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہمیں چاہیئے کہ جس رسول پاک نے ہمیں ایمان جیسی دولت سرمدی،خدا وند ِقدوس کی معرفت اور دوسری تمام نعمتوں کو پانے کی راہیں بتائی ان کے اہل بیت سے خوب پیار و محبت اور حسنِ سلو ک سے پیش آئیں۔ ان کی محبت کا چراغ اپنے دل میں جلائیں۔ کیوں کہ رسول پاکؐ ان حضرات سے بے حد محبت فرماتے ہوئے بارگاہ الٰہی میں دُعا فرماتے کہ اے میرے رب میں ان سے محبت کرتا ہوں تو بھی انہیں اپنا محبوب بنا اور ان سے بھی محبت فرما جو ان سے محبت رکھے۔ سیمینار میں  ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج شوکت جاوید، ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج خالد سلیم سوہل، سینئر سول جج ملک سعید احمد اعوان، سینئر سول جج محمد افضل، سول جج عتیق الرحمٰن، سول جج علی نقی ٹیپو،  سول جج پنڈی بھٹیاں میاں اعجاز احمد، صدر بار چودھری عمر خضر ہنجرا، سیکرٹری بار رائے وقار کھرل سمیت دیگر وکلاء کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔

ای پیپر دی نیشن