لاہور(نامہ نگار)سپیشل پروٹیکشن یونٹ کے جوانوں کی پرائیویٹ پراجیکٹس پر سکیورٹی سروسز اب مفت فراہم نہیں کی جائیں گی۔سکیورٹی سروسز لینے والوں کو ملازمین کی ماہانہ تنخواہ کے برابر واجبات ادا کرنے ہونگے۔آئی جی پنجاب نے ہدایات جاری کر دی ہیں۔آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثما ن انور نے ڈی آئی جی ایس پی یو کو پرائیویٹ پراجیکٹس پر سکیورٹی کی سروسزسے متعلق رولز بنا کرایگزیکٹو بورڈ میں بھجوانے کاحکم دیدیا ہے۔کسی بھی پرائیویٹ پراجیکٹ یا نان گورنمنٹ ادارے سے سکیورٹی دینے والے اہلکاروں کی تنخواہ کے برابرچارجز وصول کئے جائیں گے۔پولیس حکام کاکہنا ہے کہ ایس پی یو کے ملازمین کو پراجیکٹس پر سکیورٹی کیلئے بھجوانے کیلئے پہلے مجاز اتھارٹی کی اجازت درکار ہوگی۔جس پراجیکٹ یا ادارے کو سکیورٹی بھجوائی جارہی ہے اس کی ساکھ کومکمل چیک کیا جائیگا۔سکیورٹی سروسز کی مد میں ملنے والے چارجزایس پی یو کے ملازمین کی ویلفیئراور دیگر معاملات پر خرچ ہوں گے۔
سپیشل پروٹیکشن یونٹ ‘پرائیویٹ پراجیکٹس پر مفت سکیورٹی ختم
Aug 01, 2024