آسیہ گل سے ورلڈ بینک کے مشن کی ملاقات ،انکلوسیو سیٹیز پروگرام پر بریفنگ 

لاہور(خبرنگار)سپیشل سیکرٹری لوکل گورنمنٹ آسیہ گل سے ورلڈ بینک کے مشن نے گزشتہ روز سول سیکرٹریٹ میں ملاقات کی اور پنجاب کے مختلف شہروں میں واٹر سپلائی اور سیوریج کے مجوزہ منصوبے پنجاب انکلوسیو سیٹیز پروگرام بارے بریفنگ دی۔ ملاقات میں ورلڈ بینک سے ٹیم لیڈر شہناز ارشد ، سینئر اربن سپیشلسٹ صہیب رشید، ایم ڈی پنجاب میونسپل ڈویلپمنٹ فنڈ کمپنی سید زاہد عزیز اور ڈپٹی سیکرٹری ایل جی ایف امجد علی موجود تھے۔ مشن نے بتایا کہ ورلڈ بینک کے تعاون سے مختلف شہروں میں بنیادی سہولیات کی فراہمی کا منصوبہ تیار کیا گیا ہے جس کے تحت 60لاکھ لوگوں کو واٹر سپلائی اور سینی ٹیشن کی سہولیات میسر ہوں گی۔ اس سلسلے میں پنجاب انکلوسیو سیٹیز پروگرام کا آغاز جون 2025 میں ہو گا جبکہ یہ منصوبہ 5سالوں میں مکمل کیا جائے گا۔پنجاب انکلوسیو سیٹیز پروگرام کیلئے کل 400ملین امریکی ڈالر کا تخمینہ لگایا گیا ہے۔صاف پانی کی فراہمی، سیوریج سسٹم اور پائلٹ لینڈ فل سائٹ کی تیاری منصوبے میں شامل کیے گئے ہیں۔اجلاس کے آخر میں آسیہ گل نے کہا صاف پانی، سینی ٹیشن اور غذائیت کی کمی جیسے مسائل کے حل میں ورلڈ بینک کا تعاون قابل ستائش ہے۔

ای پیپر دی نیشن