خواجہ سلمان رفیق کی زیر صدارت ڈیزاسٹر مینجمنٹ کمیٹی کا اجلاس،10 نکاتی ایجنڈا پیش 

لاہور(نیوزرپورٹر) صوبائی وزیر صحت و چیئرمین کابینہ کمیٹی برائے ڈیزاسٹر مینجمنٹ خواجہ سلمان رفیق نے پی ڈی ایم اے ہیڈ آفس میں ڈیزاسٹر مینجمنٹ کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کی۔ ایڈیشنل چیف سیکرٹری پنجاب و ایس ایم بی آر نبیل جاوید نے اجلاس میں شرکت کی۔ ڈی جی پی ڈی ایم عرفان علی کاٹھیا نے اجلاس میں 10 نکاتی ایجنڈا پیش کیا۔ تمام اضلاع کے ڈی سیز کو ریلیف و ریسکیو آپریشنز کیلئے فنڈز کی فراہمی کا ایجنڈا بھی زیر غور لایا گیا۔ این ڈی ایم اے کی ہدایات کے مطابق ٹینٹس کی پروکیورمنٹ کا جائزہ لیا گیا۔ دریائی کٹاؤ کی روک تھام کیلئے سکیموں سے متعلق لائحہ عمل کا جائزہ بھی لیا گیا۔ خواجہ سلمان رفیق نے کہا دریائی کٹاؤ کی سکیموں کی منظوری ماڈل سٹڈی کے بعد دی جائے گی۔ ماڈل سٹڈی میں آبادی، زرعی اراضی اور معاشی صورتحال کی جائزہ رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ ولنرایبل اضلاع میں ممکنہ سیلابی خطرے کے پیش نظر انتظامات مکمل ہیں۔ دریں اثناء محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن نے زیر تعلیم لیڈی ہیلتھ وزٹرز اور نرسوں کا ماہ جولائی کا اعزازیہ ان کے اکاؤنٹس میں ٹرانسفر کر دیا۔ خواجہ سلمان رفیق نے کہا اب کسی زیر تعلیم لیڈی ہیلتھ وزٹر یا نرس کو اپنے اعزازیہ کی خاطر دفاتر کے چکر نہیں لگانے پڑتے۔ محکمہ صحت نے اس حوالہ سے زیر تعلیم لیڈی ہیلتھ وزٹرز اور نرسوں کیلئے نیا نظام متعارف کروایا ہے۔ اگر کسی زیر تعلیم لیڈی ہیلتھ وزٹر یا نرس کا ماہ جون سے پہلے کا اعزازیہ رہتا ہوا تو متعلقہ کالج یہ رقم بھی اگلے چند ہفتوں میں ان کے اکاؤنٹس میں ٹرانسفر کر دے گا۔

ای پیپر دی نیشن