پشاور‘چترال (بیورو رپورٹ+نوائے وقت رپورٹ) پی ڈی ایم اے کے مطابق 48گھنٹوں کے دوران مون سون بارشوں اور آبی ریلوں کے باعث حادثات میں 21 افراد جاں بحق‘ 18 زخمی ہوگئے، جاں بحق افراد میں 5 مرد 4 خواتین اور 13 بچے جبکہ زخمیوں میں 8 مرد 3 خواتین اور 7 بچے شامل ہیں۔ مجموعی طور پر 63 گھروں کو نقصان پہنچا‘37 کو جزوی جبکہ 26 گھروں کو مکمل نقصان پہنچا۔ ضلع اپرچترال میں موسلادھار بارشوں سے اونچے درجے کا سیلاب ہے جس سے بیشتر سڑکیں، پل ‘پولیس چوکی ‘مساجد ‘باغات ‘ فصلیںاور مکانات بہہ گئے ہیں۔ چترال گولین گول کے مقام پر 16 مکانات ایک رابطہ پل ریلے میں بہہ گئے جبکہ لوئر چترال میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے۔دریائی کٹائوں کے باعث چترال مستوج، گلگت روڈ ہر قسم کی ٹریفک کیلئے بند کردیا گیا ہے جبکہ شہریوں کا رابطہ منقطع ہوگیا۔مانسہرہ میں بھی سیلابی صورتحال ہے اور کئی سڑکوں پر آمدورفت بند ہے۔ شاہراہ کاغان پر بھی مختلف لینڈ سلائیڈنگ کے باعث آمدورفت معطل کردی گئی ہے۔ جانی و مالی حادثات صوبہ کے مختلف اضلاع کوہاٹ، باجوڑ، چترال اپر و لوئر، دیر اپر، کوہستان اپر و لوئر، ایبٹ آباد، ہری پور، سوات، چارسدہ، صوابی، ساوتھ وزیرستان اور ہنگو میں رونما ہوئے ۔محکمہ موسمیات نے ملک بھر میں مون سون سیزن کے دوران یکم سے 6 اگست تک شدید بارشوں کی پیش گوئی کردی۔