پولیس پر حملے، تھانیدار سمیت 6 شہید، 4 ڈاکو ہلاک

خیبر‘ رحیم یار خان‘گھوٹکی‘لاہور‘اسلام آباد (آئی این پی+ نوائے وقت رپورٹ +نامہ نگار+اپنے سٹاف رپورٹر سے+نمائندہ خصوصی) لنڈی کوتل میں پولیس ناکے پر دہشت گردوں نے حملہ کر دیا، اہلکار سمیت دو افراد جاں بحق جبکہ تین زخمی ہو گئے۔   ڈی پی او سلیم عباس کا کہنا ہے کہ لنڈی کوتل بازار کے قریب  پولیس ناکے پر دہشتگردوں نے اچانک حملہ کیا،   اسسٹنٹ سب انسپکٹر عالم زیب اور ایک راہگیر فائرنگ کی زد میں آکر دم توڑ گئے۔  دہشتگرد حملے میں دو پولیس اہلکاروں اور ایک راہگیر سمیت 3افراد زخمی ہوئے جبکہ دہشتگرد فرار ہو گئے۔  زخمیوں افراد کو لنڈی کوتل ہسپتال سے تشویشناک حالت میں پشاور حیات آباد میڈیکل کمپلیکس منتقل کر دیا گیا ہے۔ علاوہ ازیں کچے کے علاقے ماچھکہ رحیم یار خان میں ڈاکوؤں اور پولیس کے درمیان مقابلہ ہوا۔ ڈی پی او کے مطابق 4 ڈاکو ہلاک، ایس ایچ او ماچھکہ شہید اور ایک اہلکار زخمی ہوا۔علاوہ ازیں جرائم پیشہ افراد نے رونتی تھانہ گھوٹکی کے قریب پولیس پر فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں 3اہلکار شہید ہوگئے ۔ بتایا گیا ہے کہ پولیس اہلکار عبدالسمیع سموں‘ عبدالحنان اور شفیق احمد ڈیوٹی پر جارہے تھے کہ واقعہ پیش آگیا۔وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے خیبر پولیس اہلکاروں پر فائرنگ کے واقعہ کی شدید مذمت کرتے ہوئے 2 پولیس اہلکاروں اور شہری کی شہادت پر افسوس کا اظہارکیا اور شہدا کو خراج عقیدت پیش کیا ہے۔پی پی پی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے رحیم یار خان اور گھوٹکی میںپولیس پر حملوں کی شدید مذمت کی ہے۔انہوں نے پولیس اہلکاروں کی شہادت پر غمزدہ خاندانوں کیساتھ دلی تعزیت کا اظہار کرتے کہا کہ لواحقین کے غم میں برابر کا شریک ہوں۔

ای پیپر دی نیشن