ہائیکورٹ: عظمیٰ بخاری کی مبینہ ویڈیو کے خلاف درخواست پر ڈی جی ایف آئی اے کو نوٹس، جواب طلب 

Aug 01, 2024

لاہور (خبر نگار) لاہور ہائیکورٹ نے وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری کی مبینہ جعلی ویڈیو کے خلاف درخواست پر ڈائریکٹر جنرل ایف آئی اے کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کر لیا۔ لاہور ہائیکورٹ کی چیف جسٹس عالیہ نیلم نے عظمٰی بخاری کی اپنے خلاف مبینہ جعلی ویڈیو کے خلاف دائر درخواست پر بطور اعتراض سماعت کی۔ دوران سماعت چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ عالیہ نیلم نے ریمارکس دئیے کہ آپ کو درخواست کے ساتھ منسلک تصاویر ہٹا دینی چاہئے تھیں، اگر آپ درخواست کے ساتھ منسلک تصاویر ہٹا دیتے تو درخواست لگ جاتی۔ بعدازاں عدالت نے ڈائریکٹر جنرل ایف آئی اے کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کر لیا اور رجسٹرار آفس کا اعتراض دور کرتے ہوئے درخواست کو آج جمعرات کو سماعت کے لیے مقرر کرنے کی ہدایت کر دی۔ صوبائی وزیر اطلاعات عظمٰی بخاری نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مجھے انصاف مانگنے کیلئے صبح صبح عدالتوں کے چکر لگانے پڑتے ہیں، وزیراعلی مریم نواز نے ایف آئی اے کو بلایا ہے دیکھتے ہیں وہ کیا جواب دیتے ہیں۔ عظمٰی بخاری کا مزید کہنا تھا کہ جنہوں نے یہ طوفان بدتمیزی برپا کیا وہ آج بھی دندنا رہے ہیں۔  چیف جسٹس صاحبہ کی مہربانی ہے کہ انہوں نے میرے کیس پر خود سے تمام اعتراضات دور کر دیئے۔ کل سے دوبارہ وہ جعلی ویڈیو اپلوڈ کی جا رہی ہے۔

مزیدخبریں