کرم ایجنسی تصادم کو غلط رنگ دیا گیا، اہم شخصیات پائیدار حل نکالیں: محسن نقوی

Aug 01, 2024

 کرم (نوائے وقت رپورٹ) وزیر داخلہ محسن نقوی نے کرم میں پیش آنے والے افسوس ناک واقعات پر سخت تشویش کا اظہار کیا ہے۔ وزیرداخلہ محسن نقوی سے مجلس وحدت المسلمین کے رکن قومی اسمبلی حمید حسین کی قیادت میں کرم سے تعلق رکھنے والے وفد نے ملاقات کی، جس میں مستقبل میں ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے جامع حکمت عملی ترتیب دینے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کے لیے دعا کی۔ محسن نقوی کا کہنا تھا کہ دو گروپوں کے درمیان تصادم کو غلط رنگ دیا گیا، علاقے کی سرکردہ شخصیات کو اس ایشو کے پائیدار حل کے لیے اپنا مثبت کردار ادا کرنا ہے۔ یاد رہے 30 جولائی کو خیبر پی کے کے ضلع کرم میں 2 قبائل کے درمیان ایک ہفتے سے جاری مسلح تصادم تھم گیا تھا جبکہ گزشتہ سات روز کے دوران 49 لوگ ہلاک ہو گئے۔ 200 سے زائد زخمی بھی ہوئے۔

مزیدخبریں