لاہور (خبر نگار+نوائے وقت رپورٹ) واپڈا نے سندھ طاس نظام آبپاشی کے 27کلیدی مقامات پر پانی کے اخراج کی ریئل ٹائم مانیٹرنگ کے لیے ٹیلی میٹری سسٹم کی تنصیب کے لیے کنٹریکٹ ایوارڈ کر دیا۔ کنٹریکٹ کی مالیت21 ارب 53کروڑ 40لاکھ روپے ہے۔ اور یہ سی ڈیجیٹل اور ایچ بی سی سی(CDigital-HBCC) دو کمپنیوں پر مشتمل جوائنٹ ونچر کو ایوارڈ کیا گیا ہے۔ ٹیلی میٹری سسٹم اپنی تنصیب کے بعد دسمبر2026ء میں فعال ہو جائے گا۔ واپڈا کی جانب سے انڈس ٹیلی میٹری سسٹم کے پراجیکٹ ڈائریکٹر چیف انجینئر وسیم علی جبکہ جوائنٹ ونچر کی جانب سے سی ڈیجیٹل کے چیف ایگزیکٹو محمد احسن بشیر نے کنٹریکٹ پر دستخط کئے۔ انڈس ٹیلی میٹری پراجیکٹ کا منظور شدہ پی سی ون 23 ارب 83 کروڑ 40 لاکھ روپے پر مشتمل ہے۔