اسلام آباد( خبرنگار خصوصی ) دولت مشترکہ کی سیکرٹری جنرل پیٹریشیا سکاٹ لینڈ نے کہا ہے کہ پاکستان نے وزیراعظم محمد شہباز شریف کی قیادت میں نوجوانوں کو آگے بڑھنے کیلئے مواقع ، وسائل اور مدد فراہم کرنے میں نمایاں کام کیا ہے۔ چیئرمین وزیراعظم یوتھ پروگرام رانا مشہود احمدخان کی قیادت میں یہ پروگرام نوجوانوں کو بااختیار بنانے کیلئے نمایاں اقدامات کر رہا ہے،نوجوانوں کو بااختیار بنانے اور ملک کے خوشحال مستقبل کیلئے جدید ٹیکنالوجی کو بروئے کار لانے کی ضرورت ہے، دولت مشترکہ ینگ انٹرپریوینیور ز اور انوویٹرز کو ہر ممکن سہولیات فراہم کرنے کے لئے پر عزم ہے۔ ان خیالات کا اظہارانہوں نے بدھ کو ینگ انٹرپرینیورز ایوارڈز تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔انہوں نے کہاکہ پاکستان میں گرم جوش استقبال اور میزبانی پر پاکستانی عوام اور حکومت کی مشکور ہوں۔ نوجوانوں کیلئے وزیراعظم کی پاکستان کی کوششیں قابل تعریف ہیں۔ پاکستان کی جانب سے دولت مشترکہ کے چارٹرڈ کے مطابق نوجوانوں کی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے کے لئے اقدامات کئے جا رہے ہیں۔