اولمپکس ‘ایک کھلاڑی کرونا کا شکار ‘منتظمین میں تشویش کی لہر  

لاہور(سپورٹس رپورٹر) عالمی وبائی مرض کرونا نے پیرس میں جاری اولمپکس گیمز میں بھی انٹری دیدی ‘ ایک اتھلیٹ کرونا کا شکار ہوگیا ۔ پیرس اولمپکس میں دنیا بھر کے مختلف ممالک سے 10 ہزار سے زائد اتھلیٹس شریک ہیں۔ انگلینڈ کے تیراک ایڈم پیٹی کا ٹیسٹ مثبت آیا ہے۔ایڈم نے مردوں کے 100 میٹر بریسٹ سٹروک ایونٹ میں چاندی کا تمغہ جیتا تھا لیکن اس کامیابی کے دوسرے روز ان میں کرونا وائرس کی تصدیق ہو گئی۔برطانیہ ٹیم کی جانب سے ملنے والی اطلاعات کے مطابق تمغہ جیتنے کے بعد ایڈم کی صحت خراب ہوئی اور گلے میں انفیکشن کی بھی شکایت ہوئی۔ رات گئے طبیعت زیادہ خراب ہونے پر جب ان کا کرونا ٹیسٹ کرایا گیا تو وہ پازیٹو آیا۔امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ وہ کل تک صحتیاب ہو جائیں گے۔ اگر ایسا ممکن ہوا تو وہ ان کے اگلے مقابلوں میں حصہ لینے کا فیصلہ کوچ پر منحصر ہوگا۔ اولمپکس گیمز کے دوران ایک کھلاڑی کے کرونا کے شکار ہونے کے بعد کھلاڑیوں کے ساتھ ایونٹ منتظمین میں بھی تشویش کی لہر دوڑ گئی اور یہ اطلاعات بھی سامنے آرہی ہیں کہ ٹوکیو اولمپک کی طرح منتظمین نے پیرس اولمپک کیلئے کرونا سے متعلق کوئی سخت پروٹوکول تیار نہیں کیا ہے۔

ای پیپر دی نیشن