اسلام آباد (نیٹ نیوز) وفاقی وزارت داخلہ نے دہشت گردی میں ملوث دو تنظیموں کو کالعدم قرار دے دیا۔وزارت داخلہ کی جانب سے گل بہادر گروپ اور مجید بریگیڈ کو کالعدم قرار دیا گیا ہے۔ نوٹیفکیشن جاری کردیا۔ نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ وزارت داخلہ نے دونوں تنظیموں کو کالعدم قرار دینے کی منظوری دی۔ دونوں جماعتوں کو دو سال تک نگرانی کے بعد کالعدم قرار دیا گیا۔ نیشنل کاؤنٹر ٹیررزم اتھارٹی (نیکٹا) نے دونوں جماعتوں کو کالعدم جماعتوں کی فہرست میں ڈال دیا۔ حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ دہشتگردانہ سرگرمیوں کے باعث کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) کو "فتنہ الخوارج" کہا جائے گا۔ وزارت داخلہ کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق دہشت گرد تنظیم سے وابستہ افراد کیلئے 'مفتی' اور 'حافظ' استعمال نہیں کیے جائیں گے۔ تمام خط و کتابت اور دستاویزات میں ان کے ناموں کے ساتھ لفظ "خارجی" لکھا اور پڑھا جائے گا۔ ٹی ٹی پی کی اسلام کی حقیقی تعلیمات کے منافی حرکات اور سرگرمیوں کے باعث یہ فیصلہ کیا گیا ہے۔ تمام سرکاری ادارے ان ہدایات کو فوری طور پر لاگو کریں۔