شیخوپورہ (نمائندہ نوائے وقت) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے ضلعی صدر و سابق رکن صوبائی اسمبلی محمد عارف خان سندھیلہ نے کہا ہے کہ حماس کے سربراہ اسماعیل ہانیہ کی ایران میں شہادت امت مسلمہ کیلئے کفار کی طرف سے کھلا پیغام ہے جس سے پتہ چلتا ہے کہ اغیار کس طرح مسلمان لیڈرز کو ٹارگٹ کرنے کیلئے دنیا بھر میں موجود ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ وقت امت مسلمہ کے حکمرانوں کے متحد ہونے کا ہے جنہیں اپنے مظلوم مسلمانوں کو یہودیوں کے مظالم سے چھٹکارا دلانے کیلئے مربوط لائحہ عمل مرتب کرنا ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ اسماعیل ہانیہ کی شہادت کے بعد پیدا ہونے والا خلا کبھی پر نہیں ہو گا۔ انہوںنے آزادی فلسطین کیلئے جو جدوجہد کی وہ ناقابل فراموش ہے۔