پٹرول 6.17، ڈیزل 10.86، مٹی کا تیل 6.32 روپے لٹر سستا

اسلام آباد (خبرنگار) پاور ڈویژن نے بجلی بلوں کی ادائیگی کی مقررہ تاریخ میں 10 روز کی توسیع کی ہدایت کر دی ہے۔ اعلامیہ کے مطابق  وزیراعظم شہباز شریف کی  بجلی بلوں کی ادائیگی کی مقررہ تاریخ میں 10 روز  توسیع کرنے کی ہدایت پر  پاور ڈویژن نے تمام بجلی تقسیم کار کمپنیوں کو احکامات جاری کر دیئے۔ اعلامیہ کے مطابق جولائی اور اگست 2024 ء کے بلوں کی ادائیگی کی مقررہ تاریخ میں 10 روز کی توسیع ہوگی۔ یہ ہدایت وزیراعظم محمد شہباز شریف کی طرف سے بجلی صارفین کی مشکلات کے پیش نظر جاری کی گئی ہے۔
اسلام آباد (اپنے سٹاف رپورٹر سے+ نوائے وقت رپورٹ+ این این آئی) وزیراعظم شہباز شریف نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کی منظوری دے دی۔ مشکل اور نامساعد معاشی حالات میں وزیراعظم نے دلیرانہ فیصلہ کردیا۔ فیصلے کے مطابق ڈیزل کی فی لٹر قیمت میں 10 روپے 86 پیسے کی کمی  کی گئی ہے۔ پٹرول کی فی لٹر قیمت 6 روپے 17 پیسے کم کردی گئی۔ مٹی کے تیل کی قیمت میں بھی 6 روپے 32 پیسے کی کمی، لائٹ سپیڈ ڈیزل کی قیمت بھی 5 روپے 72 پیسے فی لٹر کم کر دی گئی۔ وزیراعظم کی منظوری کے بعد وزارت خزانہ نے باضابطہ نوٹیفیکیشن جاری کر دیا۔ علاوہ ازیں قیمتوں میں کمی کے بعد پٹرول کی فی لٹر قیمت 269 روپے 43 پیسے جبکہ ہائی سپیڈ ڈیزل کی فی لٹر قیمت 272 روپے 77 پیسے مقرر کی گئی ہے۔ لائٹ ڈیزل کی فی لٹر قیمت 160 روپے 53 پیسے جبکہ مٹی کے تیل کی فی لٹر قیمت 177 روپے 39 پیسے مقرر کی گئی ہے۔ دریں اثناء ایک ماہ کیلئے بجلی کی قیمت میں 2 روپے 63 پیسے فی یونٹ اضافے کا امکان ہے۔ حکومت کی جانب سے بجلی کے نرخ مزید بڑھانے کی تیاریاں کرلی گئی۔ بجلی کی قیمتوں میں 2 روپے 63 پیسے فی یونٹ اضافے کا امکان ہے۔ سینٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی (سی پی پی اے) نے نیپرا میں درخواست دائر کردی، جس میں بجلی کی قیمتوں میں اضافہ جون کی فیول کاسٹ ایڈجسمنٹ کی مد میں مانگا گیا ہے۔ نیپرا اتھارٹی سی پی پی اے کی درخواست پر آج سماعت کرے گی۔ دریں اثناء اوگرا نے مائع پیٹرولیم گیس (ایل پی جی) کی قمیت میں اضافہ جبکہ ایل این جی کی قیمتوں میں کمی کر دی گئی۔ نوٹیفکیشن کے مطابق یکم اگست سے ایل پی جی کی فی کلو قمیت میں 2 روپے27 پیسے اضافہ کیا گیا ہے جس کے بعد ایل پی جی کی فی کلو قمیت 236 روپے 99 پیسے مقرر ہوگئی ہے۔ ایل پی جی کا گھریلو سلنڈر 26 روپے 90 پیسے مہنگا کردیا گیا ہے۔ نوٹیفکیشن کے مطابق ایل پی جی کے 11.8 کلو گھریلو سلنڈر کی نئی قمیت 2 ہزار 796 روپے 56 پیسے ہوگئی ہے۔ حکومت نے ایل این جی کی قیمتوں میں کمی کر دی۔

ای پیپر دی نیشن