لاہور میں شدید بارش کے بعد کمشنر لاہور کیجانب سے رین ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے۔ تفصیلات کے مطابق لاہور میں شدید بارش سے 44 سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا۔ جس سے جل تھل ایک ہوگیا۔ شدید بارش کے بعد سڑکیں ندی نالوں کا منظر پیش کرنے لگیں۔ جس کے بعد کمشنر لاہور کی جانب سے رین ایمرجنسی نافذ کردی گئی۔ انتظامیہ کی جانب سے لاہور کے دفاتر اور اسکولوں کے سمر کیمپس میں چھٹی کا اعلان کردیا گیا ہے۔ کمشنر لاہور زید بن مقصود نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ بارش کے باعث نقصان سے بچنے کیلئے دفاتر اور اسکولوں کو بند کردیا گیا ہے۔ کمشنر لاہور نے شہریوں کو بھی بارش کے دوران غیرضروری سفر سے گریز کرنے کی ہدایت کی ہے۔ کمشنر لاہور نے واسا ہیڈآفس کا بھی دورہ کیا۔ ایم ڈی واسا غفران احمد نے نکاسی آب کے آپریشن پر بریفنگ دی۔