لاہور (رپورٹنگ ٹیم/ نوائے وقت رپورٹ) اپوزیشن جماعتوں اور عوام نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافہ مسترد کرتے ہوئے اسے غریبوں پر ایک اور ڈرون حملہ قرار دیا ہے۔ لاہور سے خبرنگار کے مطابق مسلم لیگ (ن) نے پٹرولیم کی قیمتوں میں اضافے کو مسترد کر دیا ہے۔ مسلم لیگ (ن) کے ترجمان نے کہا ہے کہ پٹرولیم کی قیمتوں میں اضافہ سے مہنگائی میں مزید اضافہ ہو گا جس سے عوام کی مشکلات بڑھ جائیں گی۔ ایک ایسے وقت میں جب عالمی سطح پر پٹرولیم کی قیمتیں کم ہو رہی ہیں، پٹرولیم کی قیمتوں میں اضافہ بلاجواز ہے۔ نوائے وقت رپورٹ کے مطابق مسلم لیگ (ن) کے قائد نوازشریف نے مطالبہ کیا ہے کہ حکومت پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ فی الفور واپس لے۔ پٹرولیم مصنوعات میں اضافے سے مہنگائی مزید بڑھے گی۔ پہلے ہی کمرتوڑ مہنگائی نے عوام کا جینا مشکل کر رکھا ہے۔ سٹاف رپورٹر کے مطابق تحریک انصاف کے رہنماﺅں نے عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتوں میں کمی کے باوجود حکومت کی طرف سے پٹرول و ڈیزل کی قیمتوں میں اضافے کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے مسترد کر دیا ہے اور مطالبہ کیا ہے کہ مہنگائی اور بے روز گاری کے مارے عوام پر حکومت بجلی و گیس کے بعد پٹرول بم برسانا بند کرے۔ تحریک انصاف لاہور کے صدر محمود الرشید نے کہاکہ حکمران نوٹ چھاپ کر اور تیل و یوٹیلٹی بلز میں ہر ماہ اضافہ کر کے عوام کو زندہ درگور کرنے پر تلی ہوئے ہیں۔ تحریک انصاف کے مرکزی نائب صدر اعجاز چودھری نے کہاکہ عالمی مارکیٹ میں قیمتیں نیچے آنے اور بھارت میں بھی تیل سستا کئے جانے کے بعد پاکستان میں اس کی قیمت بڑھانے کا کوئی جواز نہیں، مرکزی سیکرٹری جنرل عمر سرفراز چیمہ نے کہاکہ حکومتی بداعمالیوں کی سزا عوام کو دی جا رہی ہے۔ سپیشل رپورٹ کے مطابق پنجاب سول سیکرٹریٹ ایمپلائز ایسوسی ایشن نے حکومت کی جانب سے پٹرول کو مہنگا کرنے پر شدید احتجاج کرتے ہوئے کہا ہے کہ ڈیزل اور پٹرول کے ساتھ ہر چیز مہنگی ہو جاتی ہے اگر بھارت میں پٹرول کی قیمت کم ہو سکتی ہے تو ہم مہنگی کیوں کر رہے ہیں، عوام کو اس بارے میں جواب دیا جائے۔ سول سیکرٹریٹ ایمپلائز ایسوسی ایشن کے صدر ملک اعجاز، سیکرٹری عظیم احمد باری اور سیکرٹری پرویز اختر نے کہا ہے کہ غریب کا جینا مشکل ہوتا جا رہا ہے۔