سپورٹس رپورٹر
آسٹریلوی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان رکی پونٹنگ نے جنوبی افریقہ کے خلاف اپنی مایوس کن کارکردگی کے بعد انٹرنیشنل کرکٹ کو خیر باد کہنے کا اعلان کر دیا ہے۔ جنوبی افریقہ کے خلاف سیریز ان کی آخری انٹرنیشنل سیریز ہوگی۔ پونٹنگ نے اس بات کا اعلان جنوبی افریقہ کے خلاف تیسرے ٹیسٹ میچ کے بعد کیا ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے چند گھنٹے قبل ہی میں اپنے ساتھیوں کو اپنے فیصلے سے آگاہ کیا ہے کہ یہ ٹیسٹ میچ میرا آخری ٹیسٹ میچ ہو گا۔ اس بارے میں میں نے بہت سوچا اور پھر اس نتیجے پر پہنچا۔‘سترہ سال کے کیریئر کے بعد انٹرنیشنل کرکٹ کو خیرباد کہنے پر انہوں نے مزید کہا ’اس فیصلے پر میں موجودہ سیریز میں اپنی پرفارمنس کو دیکھ کر پہنچا ہوں کیونکہ میری پرفارمنس وہ نہیں ہے جو ہونی چاہیے تھی۔‘جنوبی افریقہ کے خلاف جاری سیریز میں رکی پونٹنگ نے تین اننگز میں صفر، چار اور سولہ رنز سکور کیے ہیں۔ پونٹنگ نے کہا ’میں ہمیشہ کہتا رہا ہوں کہ میں اس وقت تک کھیلوں گا جب تک میں ٹیم کی جیت کا حصہ بن سکوں لیکن پچھلے چند ہفتوں میں جو میری کارکردگی رہی ہے وہ اطمینان بخش نہیں تھی۔‘ انہوں نے کہا کہ جنوبی افریقہ کو پرتھ میں ہونے والے میچ میں ہرانا ضروری ہے کیونکہ اس سے آسٹریلیا دوبارہ ٹیسٹ میچ کی درجہ بندی میں پہلے نمبر پر آجائے گی۔ پونٹنگ نے اپنے ٹیسٹ کیرئر کا آغاز سترہ سال قبل سری لنکا کے خلاف کیا۔ انہوں نے اپنی پہلی اننگز میں 96 رنز بنائے تھے۔ پونٹنگ نے اپنے سترہ سالہ کیرئر میں 167 ٹیسٹ میچوں میں اپنے ملک کی نمائندگی کی جس میں انہوں نے 41 سنچریوں کی بدولت 13 ہزار 366 رنز بنا رکھے ہیں ان کا زیادہ سے زیادہ سکور 257 رنز ہے۔ پونٹنگ کی ٹیسٹ کرکٹ میں اوسط 52.21 جبکہ سٹرائک ریٹ 58.74 ہے۔ آسٹریلیا کے کپتان مائیکل کلارک نکا کہنا ہے کہ پونٹنگ نے جب یہ اعلان کیا تو ٹیم کے لیے ایک دھچکا تھا۔ اپنے جذبات پر قابو پانے کی ناکام کوشش کرتے ہوئے کلارک نے کہا ’آج کے لیے اتنا ہی کافی ہے۔ اس سے قبل رکی پونٹنگ سے رواں سال فروری میں ایک روزہ کرکٹ کو خیرباد کہہ دیا تھا۔ وکی پونٹنگ کا شمار دنیا کرکٹ کے کامیاب ترین کپتانوں میں ہوتا ہے وہ واحد کھلاڑی ہیں جو 100 ٹیسٹ میچوں میں کامیابی حاصل کرنے والی ٹیم کا حصہ رہے ہیں۔ رکی پونٹنگ نے 375 ایک روزہ انٹرنیشنل میچز کھیلے جس میں سے 262 میچوں میں آسٹریلوی ٹیم نے کامیابی حاصل کی۔ سابق آسٹویلوی کپتان کو اعزاز حاصل ہے کہ تین عالمی کپ ٹورنامنٹ جیتنے والے ٹیم کا بھی حصہ رہے ہیں جن میں سے دو مرتبہ وہ ٹیم کی قیادت کے فرائض انجام دے رہے تھے۔ رکی پونٹنگ نے 375 ون ڈے میچ کھیلے ہیں جس میں انہوں نے بیالیس کی اوسط سے تیرہ ہزار سات سو چار رنز سکور کیے۔ وہ سچن تندولکر کے بعد ون ڈے میں سب زیادہ سکور کرنے والے کھلاڑی ہیں۔ رکی پونٹنگ نے 2011ءکے عالمی کپ ٹورنامنٹ کے سیمی فائنل میں بھارت کے ہاتھوں شکست کے بعد ٹیم کی قیادت چھوڑ دی تھی۔ انہیں سابق آسٹریلوی کھلاڑی ڈان بریڈ مین کے بعد سب سے زیادہ قدر کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے۔ انٹرنیشنل کرکٹ کو خیر باد کہتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ میں اپنے چاہنے والے سے معذرت خواہ ہوں کہ گذشتہ کچھ عرصہ سے فارم میں نہیں ہوں۔
آسٹریلوی کپتان رکی پونٹنگ نے انٹرنیشنل کرکٹ کو خیرباد کہہ دیا
Dec 01, 2012