دبئی (اےن اےن آئی) غزہ کی پٹی پر اسرائیل کی حالیہ جارحیت کے خلاف بطور احتجاج بحرین کی پارلیمان میں صہیونی پرچم کو نذر آتش کرنے والے رکن اپنے ساتھیوں کی تعزیری کارروائی سے بچ نکلے۔ متحدہ عرب امارات کے اخبار کے مطابق بحرینی رکن پارلیمان اسامہ آل تمیمی کسی کو خبردار کیے بغیر اسرائیلی پرچم کو نذر آتش کرنے کے لیے پارلیمان میں ایندھن لے آئے تھے۔ اسامہ تمیمی کے خلاف تعزیری کارروائی کے لیے پارلیمان میں پیش کردہ قرارداد کی اکیس ارکان کے ووٹوں سے منظوری ضروری تھی لیکن رائے شماری کے وقت ان کے خلاف اور کارروائی کے حق میں صرف پندرہ ارکان نے ووٹ دیا۔ دس نے رائے شماری میں حصہ نہیں لیا اور چھ نے اس کی مخالفت کی۔ ان کا کہنا تھا کہ اس کیس کو قانونی کمیٹی کو منتقل کیا جائے۔ بحرینی پارلیمان کے سپیکر نے کہا کہ پارلیمان میں منفی طرز عمل کی بنیاد رکھی جا رہی تھی اس لیے ارکان اسامہ تمیمی کو ان کے اس فعل پر سزا دینے کے لیے تعزیری کارروائی کی حمایت کریں۔