اسلام آباد (نمائندہ نوائے وقت) سپریم کورٹ نے وحیدہ شاہ اہلیت کیس کا فیصلہ سناتے ہوئے پی ایس 53 ٹنڈو محمد خان کے حلقے میں ہونے والا ضمنی الیکشن روک دیا ہے جبکہ وحیدہ شاہ کو سزاﺅں کے خلاف اپیلیں دائر کرنے کی بھی اجازت دیدی۔ جسٹس ناصر الملک کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے کیس کی سماعت کی ٹنڈو محمد خان کے حلقے بی ایس 53 میں ضمنی انتخابات کے دوران پیپلز پارٹی کی امید وار وحیدہ شاہ نے پولنگ سٹاف پر تشدد کیا تھا جس کے بعد سندھ ہائی کورٹ نے ان کے خلاف فیصلہ دیا اور چیف الیکشن کمشن نے وحیدہ شاہ کو 2 سال کے لئے نااہل قرا دیا تھا جبکہ پریذائیڈنگ آفیسر نے ان کو ایک ہزار روپے جرمانے کی بھی سزا سنائی تھی لٰہذا وحیدہ شاہ نے اپنے حلقے انتخابات کو کالعدم قرار دیئے جانے کے فیصلے کو چیلنج کیا اورکہا کہ نااہلی ختم ہونے پر انتخابات کا فیصلہ کالعدم ہو چکا ہے اور اپنی دائر کردہ اپیل میں عدالت سے یہ بھی استدعا کی گئی تھی کہ اگر کسی مخصوص پولنگ سٹیشن پر واقعہ ہوتا ہے تو اس کی بنیاد پر پورے انتخابات کو کالعدم قرار نہیں دیا جا سکتا۔