گوجرانوالہ (نمائندہ خصوصی) مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما حمزہ شہباز شریف نے کہاکہ زرداری کی لوٹ کھسوٹ ملک کی ترقی میں رکاوٹ ہے‘ ملک کو ترقی کی راہ پر اگر گامزن کرنا ہے تو زرداری ٹولے کو بھگانا ہوگا۔ مجھے اقتدار کا لالچ نہیں مگر اپنی آنکھ سے ملک کو خوشحال ہوتے دیکھنا چاہتا ہوں اور یہ تب ہی ممکن ہوگا جب آپ ہمارا ساتھ دیں گے۔کل تک ایک دوسرے کو قاتل کہنے والی ق لیگ اور پیپلز پارٹی نے قومی خزانے کی لوٹ مار کے ایجنڈے پر ایک دوسرے سے اتحاد کر لیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے حلقہ پی پی92 میں مسلم لیگ (ن) کے امیدوار حاجی نواز چوہان کی انتخابی مہم کے سلسلہ میں نوشہرہ روڈ گوجرانوالہ پر ایک بڑے جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ جلسے میں مسلم لیگ (ن) کے ممبران قومی اسمبلی عثمان ابراہیم‘ انجینئر خرم دستگیر خان‘ رانا نذیر احمد‘ محمود بشیر ورک‘ شاہین اشفاق‘ ممبران صوبائی اسمبلی عمران خالد بٹ‘ چوہدری خالد پرویز ورک‘ شیخ ممتاز ہاشمی‘ شوکت منظور چیمہ‘ شازیہ اشفاق مٹو‘ سلمان خالد پومی بٹ‘ سٹی صدر مسلم لیگ (ن) عبدالرﺅف مغل‘ جنرل سیکرٹری توفیق احمد بٹ‘ ڈویژنل صدر مسلم لیگ (ن) ٹریڈرز ونگ خواجہ تنویر اشرف‘ حاجی عاصم انیس‘ سٹی نائب صدر مسلم لیگ (ن) یوتھ ونگ محمد بلال بٹ‘ ضلعی و سٹی کے ٹکٹ ہولڈرز نے شرکت کی۔ حمزہ شہباز نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عوام ضمنی اور آئندہ الیکشن میں عوامی خدمت کے علمبرداروں اور سوئس اکا¶نٹس میں عوام کی خون پسینے کی کمائی کی رقم منتقل کرنے والے لٹیروں کے درمیان فرق کو ملحوظ رکھیںگے اور 4 دسمبر کے ضمنی انتخابات لٹیرے حکمرانوں کی رخصتی کا پیش خیمہ ثابت ہوں گے۔ گوجرانوالہ کی عوام سے جو محبت کا رشتہ ہے زندگی کے آخری سانس تک اس کو قائم رکھوں گا، کچھ عناصر نواز شریف کی مقبولیت سے خوفزدہ ہو کر چاہتے تھے کہ میں عوام سے اس لئے خطاب نہ کروں کہ میں پنجاب سپورٹس بورڈ کا چیئرمین ہوں لیکن میں اپنے اس عہدے کو چھوڑ کر عوام کے درمیان آ گیا ہوں، عوام 4 دسمبر کو چوروں، ڈاکو¶ں لٹیروں اور رسہ گیروں کو اپنے ووٹ کی طاقت سے مسترد کر دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ عام آدمی بجلی و گیس کی بندش ،بیروزگاری، مہنگائی اور معیشت کی ڈانواں ڈول صورتحال سے تنگ آ چکا ہے ۔عوام کے لئے انتخابات کی صورت میں سنہری موقع ہے کہ وہ قائداعظمؒ اور علامہ اقبالؒ کے پاکستان کو غیرملکی آلہ کاروں سے نجات دلائیں۔ ایبٹ آباد پر غیر ملکی حملے پر حملہ آوروں کو مبارکباد دینے والے ملک دوست کیسے ہو سکتے ہیں۔ حمزہ شہباز شریف نے کہا کہ زرداری اور اس کے ٹولے نے ملک و قوم کا وہ حال کر دیا ہے کہ تحریک پاکستان میں جانوں کی قربانیاں پیش کرنے والے ہمارے بزرگوں کی روحیں بھی تڑپ اٹھی ہیں ۔ اسلام آباد میں بیٹھے حکمران عوام دشمن ہیں کیونکہ وہ درپردہ پاکستان پر ڈرون حملوں کی حمایت کرتے ہیں اور محض اخباری بیانات کی حد تک ان حملوں کی مذمت کرتے ہیں جبکہ حمزہ شہباز نے شکرگڑھ میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ حکمرانوں نے عوام کو مہنگائی، بیروزگاری کے سوا کچھ نہیں دیا۔ روٹی، کپڑا اور مکان کے نعرے لگانے والوں نے عوام سے دو وقت کی روٹی بھی چھین لی ہے۔