ہیلمٹ نہ پہننے والوں کے خلاف آج سے کارروائی شروع‘ 200 جرمانہ ہو گا

لاہور (کامرس رپورٹر+نامہ نگار) پنجاب حکومت کی ہدایت پر ٹریفک پولیس آج سے ہیلمٹ نہ پہننے والے موٹرسائیکل سواروں کے خلاف کارروائی کا آغاز کر دے گی۔ ہیلمٹ نہ پہننے والے موٹرسائیکل سواروں کا 200 روپے کا چالان کیا جائے گا۔ اعلان کے بعد گذشتہ روز ہیلمٹ فروخت کرنے والوں کی دکانوں پر ہیلمٹ خریدنے والوں کا رش رہا۔ دکانداروں نے ہیلمٹ کی قیمت میں 200 روپے سے 300 روپے اضافہ کر دیا۔ شہریوں نے قیمتوں میں اضافے پر افسوس کا اظہار کیا اور مطالبہ کیا کہ ہیلمٹ کی قیمتوں کو مستحکم رکھا جائے اور حکومت کو اپنے حکم پر عملدرآمد کرانے کیلئے کچھ وقت دینا چاہئے تھا۔نامہ نگار کے مطابق چیف ٹریفک آفیسر لاہور کیپٹن (ر) سہیل چودھری نے کہا کہ شہریوں کے محفوظ سفر کو یقینی بنانے اور حادثہ کی صورت میں قیمتی جانوں کو محفوظ رکھنے کیلئے سٹی ٹریفک پولیس آج سے بغیر ہیلمٹ موٹر سائیکل سواروں کیخلاف کارروائی کرے گی۔ حادثات کی روک تھام کیلئے شہری دوران سفر ڈرائیونگ ہیلمٹ کے استعمال کو یقینی بنائیں۔ انہوں نے ٹریفک وارڈنز کو ہدایت کی کہ وہ شہریوں کی روڈ سیفٹی کو یقینی بنانے کیلئے سگنل پر کھڑے بغیر ہیلمٹ موٹر سائیکل سوار شہریوں کو ایجوکیٹ بھی کریں۔

ای پیپر دی نیشن