لاہور (خبر نگار) کمشنر لاہور ڈویژن راشد محمود لنگڑیال نے کہا ہے کہ مینار پاکستان سے ملحقہ سڑک، اقبال پارک اور اردگرد کے علاقے کی تزئین و آرائش کے لیے پی ایچ اے کی منصوبہ بندی مکمل ہے جبکہ تاریخی مقامات کو جانے والے پیدل راستے پر بوڑھے شہریوں اور معذور افراد کے لیے دیگر سہولیات کے ساتھ ویل چیئرز بھی مہیا ہوں گی۔ انہوں نے کہا کہ گاڑیوں کی پارکنگ تھوڑے فاصلے پر دی جائے گی جہاں سے لوگ پیدل چلتے ہوئے تاریخی مقامات کی سیر کے لیے آئیں گے۔ کمشنر لاہور ڈویژن نے ایک دوسرے اجلاس میں فیروز پور روڈ تا پیکو روڈ ستوکتلہ ڈرین کی بحالی کے حوالے سے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ڈرین کے لیے حاصل کردہ جگہوں کی ادائیگی کو دو ماہ کے اندر یقینی بنایا جائے۔ ضلعی انتظامیہ متعلقہ محکمہ کی طرف سے لوگوں کو ادائیگیوں کے حوالے سے روزانہ کی بنیاد پر چیک کرے اور اسی روڈ پر کیمپ لگا کر چیک دیئے جائیں تاکہ لوگوں کے لیے آسانی پیدا ہو۔