لاہور (خصوصی رپورٹر) جماعۃ الدعوۃ شعبہ ڈیف اینڈ ڈمب کے زیراہتمام گونگے، بہرے، نابینا اور معذور افراد کی طرف سے امریکی ڈرون حملوں اور نیٹو سپلائی کیخلاف پریس کلب کے باہر احتجاجی مظاہرہ کیا گیا جس میں لاہور بھر سے گونگے، بہرے، معذور اور نابینا افراد کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ شرکاء کی جانب سے ڈرون حملوں میں بے گناہ افراد کے قتل عام پر شدید غم و غصہ کا اظہار کیا گیا۔ اشاروں کی زبان میں پرجوش تقریریں اور گونگے بہرے افراد کا غم و غصہ دیکھ کر وہاں موجود عام افراد بھی انتہائی دلچسپی سے شرکاء کو دیکھتے رہے۔ شہری مظاہرہ کی موبائل فونز کے ذریعہ ویڈیو بناتے رہے۔ جماعۃ الدعوۃ شعبہ ڈیف اینڈ ڈمب کے ناظم عبدالحمید بھٹہ، حاجی اظہر عزیز، حافظ عثمان، نصیر اکبر، امجد علی، عبدالعظیم سرور، حافظ عبدالرشید، محمد خالد، ضمیر حیدر، غازی ابوسعید و دیگر نے خطاب کیا۔ مقررین کی ترجمانی کے فرائض امجد علی نے سرانجام دئیے۔ مقررین کا کہنا تھا کہ ہم گونگے، بہرے، نابینا اور معذور ضرور ہیں لیکن ہمارے دل مظلوم مسلمانوں کے ساتھ دھڑکتے ہیں۔ ڈرون حملوں میں بے گناہ پاکستانیوں کے قتل عام پر کسی صورت خاموش نہیں رہ سکتے۔ پوری پاکستانی قوم کی طرح ہم بھی ڈرون طیاروں کو مار گرانے اور نیٹو سپلائی بند کرنے کا مطالبہ کرتے ہیں۔ مقررین نے کہا کہ ڈرون حملوں کے خلاف دفاع پاکستان کونسل کی ملک گیر تحریک میں گونگے، بہرے، نابینا اور معذور افراد بھی بھرپور انداز میں حصہ لیں گے۔