لاہور (نوائے وقت رپورٹ/ نیوز ایجنسیاں) فاسٹ باؤلر وہاب ریاض رشتہ ازدواج میں منسلک ہو گئے جبکہ ان کا کہنا ہے کہ کامیاب ازدواجی زندگی کا راز بیوی کی ہاں میں ہاں ملانے میں ہے اور وہ اس اصول پر کاربند رہنے کی کوشش کریں گے۔ ہفتہ کی رات بارات کی روانگی سے قبل ان کی سہرا بندی کی تقریب ہوئی جس میں روایتی انداز میں دلہے کی بہنوں اور دیگر رشتے داروں نے رسمیںادا کیں۔ اس موقع پر وہاب ریاض نے خوشگوار موڈ میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ شریک حیات کو والدین نے پسند کیا ہے، آج سے وہ اپنی نئی زندگی شروع کررہے ہیں۔ انہوںنے کہا کہ ان کے خاندان کے تمام افراد اپنی بیویوں کے تابعدار ہیں اور خوشگوار زندگی گزارنے کا راز بھی یہ ہے کہ بیوی کی ہاں میں ہاں ملائی جائے اور وہ بھی اسی اصول کے تحت زندگی گزارنے کی کوشش کریں گے تاکہ زندگی پرسکون اور خوشگوار رہے۔انہوں نے کہا کہ شادی پر بہت خوش ہوں ۔جنوبی افریقہ کو انہی کی سرزمین پر مصباح الیون نے تاریخی شکست دی جس سے ان کی شادی کی خوشیاں دوبالا ہو گئی ہیں۔ ہفتے کی رات وہاب ریاض کی شادی کی تقریب رائیونڈ میں ایک فارم ہاؤس پر منعقد ہوئی لیکن وہاں پر وقت کی پابندی نہیں کی گئی اور شادی کی تقریب دس بجے کے بعد بھی جاری رہی جس پر پولیس اور ٹی ایم او نے چھاپہ مارا لیکن وہاب ریاض کی فیملی اور ان کے سسرال والوں کا کہنا تھا کہ شادی کی تقریب ختم ہو چکی ہے، مہمانوں کی تعداد زیادہ ہے جس کی وجہ سے انہیں یہاں سے نکلنے میں تاخیر ہو رہی ہے اور تقریب کو مکمل طور پر جلد ختم کر دیا جائے گا جس کے بعد پولیس اور ٹی ایم او وہاں سے چلے گئے۔