لاہور( خصوصی نامہ نگار) جماعة الدعوة کے 4,5دسمبر کو مینار پاکستان گراﺅنڈ میں ہونے والے اجتماع کیلئے خیمہ بستیوں اور وسیع و عریض پنڈال کی تنصیب کا سلسلہ تیزی سے جاری ہے۔ 15ہزار رضاکار سکیورٹی و دیگر انتظامی امور کی ذمہ داریاں ادا کر رہے ہیں۔ مرکزی کنٹرول روم اور استقبالیہ کیمپ قائم کر دیئے گئے۔ مردوں و عورتوں کیلئے الگ الگ خیمہ بستیاں اور فیلڈ ہسپتال بنائے جارہے ہیں۔ فلاح انسانیت فاﺅنڈیشن کی طرف سے 22ڈسپنسریاں بھی بنائی جارہی ہیں اور 70سے زائد ایمبولینسیں کسی قسم کی ہنگامی صورتحال نمٹنے کیلئے ہمہ وقت وہاں موجود رہیں گی۔ علاوہ ازیں مینار پاکستان گراﺅنڈ میں جماعة الدعوة کے مرکزی، زونل اور ضلعی ذمہ داروں کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے امیر جماعة الدعوة حافظ محمد سعید نے کہا ہے کہ جماعة الدعوة کے 4، 5 دسمبر کو مینار پاکستان گراﺅنڈ میں ہونے والے اجتماع سے کشمیری و فلسطینی مسلمانوں سمیت پوری دنیا کے مظلوم مسلمانوں کو حوصلہ ملے گا۔ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نام نہاد انتخابات کے ذریعے مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرنا چاہتے ہیں۔ علاوہ ازیں اجتماع کے حوالے سے ناظم اجتماع مولانا عبداللہ عبید کی قیادت میں 60انتظامی کمیٹیاںکام کر رہی ہیں۔ جماعة الدعوة کے 4دسمبر جمعرات سے شروع ہونے والے دو روزہ اجتماع میں فلاح انسانیت فاﺅنڈیشن کی طرف سے ایک نمائش کا بھی اہتمام کیا جائے گا جس میں تھرپارکر سندھ، بلوچستان و دیگر علاقوں میں ایف آئی ایف کے رضاکار کس طرح ریلیف سرگرمیاں سرانجام دے رہے ہیں؟ اس کا عملی مظاہرہ دکھایا جائے گا۔ سیلاب زدہ علاقوں، آئی ڈی پیز، بلوچستان اور دور دراز علاقوںسے لوگ خصوصی طور پر اجتماع میں شریک ہوں گے۔ فلاح انسانیت فاﺅنڈیشن کے چیئرمین حافظ عبدالرﺅف دیگر ذمہ داران کے ہمراہ مینار پاکستان گراﺅنڈ میں رہتے ہوئے انتظامات کی نگرانی کر رہے ہیں۔ جماعة الدعوة پاکستان کے مرکزی ناظم اجتماع مولانا عبداللہ عبید نے گزشتہ روز اجتماع گاہ میں گفتگو کرتے ہوئے بتایاکہ پانچوں صوبوں و آزاد کشمیر سے لاکھوں افراد اجتماع میں شریک ہوں گے اس لئے بہت وسیع پیمانے پر انتظامات کئے جارہے ہیں۔ مردوں کیلئے 15 اور خواتین کیلئے 4 بڑی خیمہ بستیاں بنائی جارہی ہیں۔ اجتماع میں شریک افراد کو کھانا کھلانے کے انتظامات اور خیمہ بستیوں تک پہنچانے کی ذمہ داری فلاح انسانیت فاﺅنڈیشن ادا کرے گی۔ سپیشل پرسنز کیلئے پنڈال میں الگ جگہ مختص ہوگی۔ حافظ محمد سعید نے مزید کہا کہ اجتماع میں شرکت کیلئے ملک بھر کی مذہبی، سیاسی و کشمیر ی قیادت کو دعوت دی گئی ہے۔ اس موقع پر پروفیسر حافظ عبدالرحمن مکی، پروفیسر ظفر اقبال، مولانا امیر حمزہ، مولانا سیف اللہ خالد، مفتی مبشر احمد ربانی، مفتی عبدالرحمن عابد، کرنل (ر) نذیر احمد، قاری محمد یعقوب شیخ، مولانا نصر جاوید، حافظ محمد مسعود، مولانا ابوالہاشم، محمد یحییٰ مجاہد، حافظ طلحہ سعید، حافظ خالد ولید، انجینئر محمد حارث،عبدالحمید بھٹہ و دیگر موجود تھے۔ اجلاس کے دوران انتظامی کمیٹیوں کے ذمہ داروں نے 4,5دسمبر کو ہونے والے دور وزہ اجتماع کی تیاریوں و انتظامات کے حوالہ سے اپنی رپورٹیں پیش کیں۔ حافظ محمد سعید نے دیگر قائدین کے ہمراہ مینار پاکستان گراﺅنڈ میں خیمہ بستیوں، وسیع و عریض پنڈال اور اجتماع کے حوالہ سے جاری دوسرے انتظامات کا جائزہ لیا اور ہدایات جاری کیں۔ حافظ محمد سعید نے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ ہمارے اس اجتماع کے کوئی سیاسی مقاصد نہیں ہیں بلکہ لوگوں کی دینی بنیادوں پر تربیت اور پاکستان میں اتحادویکجہتی کا ماحول پیدا کرنا مقصود ہے۔ لاکھوں جانوںکا نذرانہ پیش کر کے کلمہ طیبہ کی بنیادوں پر حاصل کیا گیا پاکستان اللہ تعالیٰ کی بہت بڑی نعمت ہے۔ اس کی حفاظت کرنا اور اسے عدم استحکام سے دوچار کرنے کی سازشیں ناکام بنانا ہم سب پر فرض ہے۔ جماعةالدعوة نظریہ پاکستان کی محافظ جماعت ہے۔ ہمیں ہر گلی کوچے تک اسلام و نظریہ پاکستان کے پیغام کو عام کرنا ہے۔ انہوں نے کہاکہ دشمنان اسلام منظم منصوبہ بندی کے تحت نوجوان نسل کے ذہنوں سے نظریہ پاکستان کھرچنے کی کوششیں کر رہے ہیں، احیائے نظریہ پاکستان کیلئے ملک گیر سطح پر مہم چلانا وقت کی بہت بڑی ضرورت ہے۔ جماعة الدعوة اس مقصد کیلئے بھرپور کوششیں کر رہی ہے۔
مینار پاکستان پر اجتماع کی تیاریاں جاری، اتحادو یکجہتی کا ماحول چاہتے ہیں: حافظ سعید
Dec 01, 2014