لاہور (ندیم بسرا) وزیراعظم پاکستان نوازشریف کے واضح اعلان کے باوجود لیسکو صارفین کو اووربلنگ سے چھٹکارا نہ مل سکا۔ ایک طرف صارفین کو ہزاروں یونٹس کے اضافی بل‘ دوسری طرف کمپنی کی اکتوبر 2014ءکی اپنی کارکردگی میں کوئی خاطر خواہ اضافہ نہ ہوا۔ اکتوبر کے لائن لاسز 10 اعشاریہ 2 کی حد تک پہنچ گئے۔ قصور 16 اعشاریہ 7 فیصد لائن لاسز پر پہلے نمبر‘ اوکاڑہ 14 اعشاریہ 9 فیصد لائن لاسز اور سنٹرل سرکل 12 اعشاریہ 6 فیصد لائن لاسز پر تیسرے نمبر پر رہا۔ تفصیلات کے مطابق لیسکو چیف ایگزیکٹو را¶ ضمیر الدین کی کوششوں اور خواہشات کے باوجود کمپنی میں بجلی چوری کم نہ ہو سکی اور ان کے احکامات ایس ای ایکسیئن اور ایس ڈی اوز نے ہوا میں اڑا دیئے۔ کسٹمر سروسز ڈائریکٹر خالد محمود ناصر بھی کوئی کرشمہ نہ دکھا سکے۔ چیف ایگزیکٹو لیسکو را¶ ضمیر الدین کو وفاقی حکومت کی طرف سے احکامات ملے تھے کہ بجلی کے لائن لاسز کم کئے جائیں مگر وزیراعظم نوازشریف‘ وزیراعلیٰ شہباز شریف کے آبائی علاقے‘ مسلم لیگ (ن) کے گڑھ لاہور میں لیسکو بجلی چوروں سے اپنی جان نہ چھڑا سکی۔ لیسکو کے صارفین وزیر مملکت عابد شیر علی کی کھلی کچہری میں بھی پھٹ پڑے تھے۔ ایک صارف جس کا گھر 3 مرلے کا تھا اس کو 23 لاکھ روپے کا بل بھجوا دیا گیا تھا جس پر وہ کھلی کچہری میں روتا رہا تھا۔ اب اکتوبر 2014ءکی کارکردگی رپورٹ میں یہ بات سامنے آئی ہے لیسکو کے سات سرکل میں بجلی چوری 10 اعشاریہ 2 فیصد تک ہے جس میں قصور 16.6‘ اوکاڑہ 14.9‘ شمالی سرکل (ناردرن) 9.2‘ سنٹرل سرکل 12 اعشاریہ 6‘ مشرقی سرکل (ایسٹرن) 9.5‘ جنوبی سرکل (سا¶تھ) 6 اعشاریہ 9 اور شیخوپورہ 10.3 رہی۔ لیسکو کے 37 لاکھ 76 ہزار 45 صارفین سے اکتوبر کی ریکوری 92 اعشاریہ 48 فیصد رہی۔ پرائیویٹ صارفین سے وصولی کاغذوں میں 106 فیصد ظاہر کی گئی۔ اس میں پروگریس 94 اعشاریہ 39 فیصد رہی۔ لیسکو کے صارفین اووربلنگ پر واویلا کر رہے ہیں۔ سرکل‘ ڈویژن اور سب ڈویژنز میں ہر طرف صارفین چیخ و پکار کر رہے ہیں مگر ان کی شنوائی کہیں نہیں ہو رہی۔ لیسکو کے فیلڈ افسر اعلیٰ افسران کی طرف سے چیک اینڈ بیلنس نہ ہونے کی وجہ سے مادر پدر آزاد ہو گئے ہیں۔ چیف ایگزیکٹو لیسکو پروٹوکول کے بغیر اچانک چھاپوں کا سلسلہ شروع کریں تو لیسکو کو خسارے سے نکالا جا سکتا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے لیسکو اس وقت خسارے میں جا رہا ہے جس کو پورا کرنے کیلئے غریب صارفین پر اووربلنگ کی جا رہی ہے۔ چیف ایگزیکٹو لیسکو نے کھلی کچہری میں چند روز قبل کہا تھا فیلڈ افسر صارفین سے اچھا رویہ اختیار کریں مگر ان کے احکامات پر کہیں عملدرآمد نہیں ہوا۔
لیسکو صارفین کو اووربلنگ سے چھٹکارا نہ ملا، قصور سرکل بجلی چوری میں آگے
Dec 01, 2014