پی پی 48 بھکر میں ہونے والے ضمنی انتخابات میں غیر سرکاری و غیر حتمی نتائج کے مطابق آزاد امیدوار انعام اللہ خاں نیازی نے 47593 ووٹ حاصل کرکے کامیابی حاصل کی۔ جبکہ عوامی تحریک کا امیدوار محض 13593 ووٹ لے سکا۔ دوسری طرف عمران خان کہتے ہیں پلان سی بنا¶ں گا۔
بھکر پی پی 48 میں جن دو آزاد امیدواروں نے زیادہ ووٹ حاصل کئے۔ ان دونوں کا تعلق حکمران جماعت مسلم لیگ (ن) سے ہے دونوں امیدواروں نے مجموعی طور پر اس حلقے سے 94606 ووٹ حاصل کئے ہیں۔ جبکہ علامہ طاہر القادری کے نامزد امیدوار ملک نذر عباس کہاوڑ جن کی انتخابی کمپین کے لئے علامہ قادری خود تشریف لے گئے تھے اور مریدین سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ ملک نذر عباس کو ووٹ دیتے وقت میرا چہرہ سامنے رکھنا۔ لیکن محض ساڑھے تیرہ ہزار لوگوں نے انکے امیدوار کو ووٹ دیئے۔ لازمی طور پر ان ووٹوں میں ملک نذر عباس کی اپنی برادری کے بھی ووٹ ہوں گے۔ ضمنی الیکشن میں لاکھوں ووٹروں نے عمران خان اور قادری کی دھرنا سیاست کو مسترد کر دیا۔ عمران خان نے گذشتہ روز تبدیلی لانے کیلئے منڈی بہا¶ الدین سے جس ایم این اے کو اپنے ساتھ کھڑا کرکے ن لیگ کی وکٹ گرانے کا دعویٰ کیا ہے۔ وہ ایم این اے سٹے لیکر اپنی جعلی ڈگری کے جرائم تک میں ملوث ہے جبکہ کویت حکومت نے فراڈ کے مقدمے میں اس کو اشتہاری قرار دے رکھا ہے۔ قادری صاحب کے انقلاب کو عوام نے مسترد کر دیا ہے۔ عمران خان حکومت ختم کرنے کا جو پلان سی بنا رہے ہیں۔ انہیںبھکر کے ضمنی انتخابات میں عوام کے جوش و خروش کو دیکھ کر کچھ سوچنا چاہئے گذشتہ روز کا ضمنی انتخاب صاحب عقل لوگوں کیلئے بڑی خبر ہے۔ عمران خان پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا کریڈٹ اپنے دھرنے کو قرار دے رہے ہیں۔ انہیں ”سی پلان“ دینے کی بجائے عوام کو ملکی خوشحالی اور قومی مسائل کے حل کا ایجنڈا دینا چاہئے۔ مہنگائی اور مسائل کی دلدل میں پھنسے عوام کو افرا تفری ایجنڈے پر مبنی کسی ”سی پلان“ کی بجائے خوشحالی پلان کی ضرورت ہے۔ بھکر کے عوام نے جس طرح دھرنا سیاست کو مسترد کیا ہے۔ وہ اسی طرح سی پلان کو بھی مسترد کریں گے۔ کیونکہ دھرنا سیاست کا پول کھل گیا ہے یہ سب عوام کی بہتری کیلئے نہیں بلکہ اقتدار کے حصول کیلئے ڈھونگ رچایا جا رہا ہے۔
بھکر ضمنی انتخاب کے نتائج اور عمران خان کا پلان سی
Dec 01, 2014