شاہراہ مجید نظامی کو انہی کے نام سے منسوب رہنے دیں

Dec 01, 2014

اداریہ

شاہراہ مجید نظامی کے ایک حصے کو گروپ کیپٹن (ر) سیسل چودھری کے نام سے منسوب کر دیا گیا۔ سیسل چودھری نے 65 کی جنگ میں کارہائے نمایاں انجام دیئے تھے۔ ایئر وائس مارشل مجاہد انور۔ بے شک قومیں اپنے ہیروز کو ہمیشہ یاد رکھتی ہیں اور مختلف انداز میں انکو خراج عقیدت پیش کرتی ہیں۔ انکے نام سے سڑکوں اور شاہراہوں کو منسوب کیا جاتا ہے۔ لارنس روڈ کو کچھ عرصہ قبل عظیم بے باک صحافی اور امام صحافت مجید نظامی کے نام سے منسوب کیا گیا۔ جس کا تمام طبقوں نے خیرمقدم کیا۔ اب نجانے کس مصلحت کے تحت اس سڑک کے ایک حصے کو جس کے ساتھ سینٹ انتھونی سکول ملحقہ ہے 65 کی جنگ کے ہیرو سیسل چودھری کے نام سے منسوب کر دیا گیا ہے۔ جو خاصہ تعجب خیز ہے۔ اگر اس سکول کی بنیاد پر نام تبدیل کرنا تھا تو ٹیمپل روڈ کا نام سیسل چودھری روڈ رکھا جا سکتا تھا۔ جس پر یہ سکول واقع ہے بے شک سیسل چودھری ہمارے عظیم جنگجو ہواباز تھے۔ ان کے جنگی کارنامے ہمیشہ ہمارے لہو کو گرماتے رہیں گے۔ ان کے نام کے ساتھ بھی کوئی سڑک ضرور منسوب ہونی چاہئیے مگر ایک قومی قائد کا درجہ رکھنے والے عظیم صحافی مجید نظامی کے نام سے منسوب سڑک کے ایک حصے کو کسی دوسرے کے نام سے منسوب کرنا کسی صورت دانشمندانہ فیصلہ نہیں قرار دیا جا سکتا۔ پورے لاہور شہر اور کینٹ میں کسی بھی سڑک یا شاہراہ کو سیسل چودھری سے منسوب کیا جا سکتا ہے۔ ضروری نہیں کہ پہلے سے کسی کے نام یہ منسوب سڑک یا اس کے کسی حصہ کو دوسرے کے نام سے منسوب کیا جائے۔

مزیدخبریں