تربت: ایف سی قافلے پر حملہ، بم دھماکہ‘ فائرنگ، ایک اہلکار شہید، 2 زخمی

Dec 01, 2014

تربت+کوئٹہ (نیوز ایجنسیاں+بیورو رپورٹ) تربت کے علاقے تمپ میں پاکستان افغان بارڈر کے قریب ایف سی کے قافلے پر حملے، گاڑی کے قریب بم دھماکے اور فائرنگ کے نتیجے میں ایک اہلکار شہید اور 2 زخمی ہو گئے۔ ایف سی کی جوابی فائرنگ سے ایک شرپسند بھی ہلاک ہو گیا۔ ایف سی ذرائع کے مطابق اتوار کی صبح تمپ میں پاکستان ایران بارڈر کے قریب ایف سی کے قافلے کے قریب دھماکہ ہوا اور دہشت گردوں نے اندھا دھند فائرنگ کر دی، فائرنگ کے نتیجے میں ایک ایف سی کا اہلکار جاں بحق ہو گیا جبکہ 2 زخمی ہو گئے۔ ایف سی اہلکاروں کی جوابی فائرنگ سے ایک دہشت گرد بھی ہلاک ہو گیا۔ ایف سی نے ملزمان کی تلاش کے لئے علاقے میں سرچ آپریشن شروع کر دیا، آخری اطلاعات آنے تک آپریشن جاری تھا۔ ادھر بلوچستان کے علاقے صحبت پور میں بارودی سرنگ دھماکے میں 3 افراد زخمی ہو گئے۔ اطلاعات کے مطابق صحبت پور کے علاقے گوٹھ راز محمد بارودی سرنگ دھماکے سے 3 افراد اسو خان، برکت اور ایک شخص زخمی ہو گئے جنہیں فوری طور پر ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ ادھر پاک ایران آر سی ڈی شاہراہ دوسرے روز بھی بند رہنے سے سینکڑوں محنت کش مزدور بے روزگار ہو گئے۔ ذرائع کے مطابق تفتان سے کوئٹہ جانے والی بس ٹرانسپورٹرز کی ہڑتال کی وجہ سے ایرانی حکام نے گذشتہ دو روز سے دوستانہ گیٹ زیرو پوائنٹ گیٹ اور تجارتی گیٹ کو بند کر دیا گیا جس کی وجہ سے پاکستان اور ایران کے ساتھ تمام تجارتی اور کاروباری سرگرمیاں معطل ہو کر رہ گئے ہیں۔کوئٹہ سے بیورو رپورٹ کے مطابق پنجگور کے علاقے وشاپ سریکوران میں ایف ڈبلیو او کی گاڈی کے قریب بم دھماکے میں کمپنی کے 3 ملازم زخمی ہوگئے۔ دھماکہ سڑک کے کنارے نصب ریموٹ کنٹرول ڈیوائس سے کیا گیا۔ فرنٹیئر کور بلوچستان نے چتکان بازار پنجگور میں کالعدم بلوچ شرپسند تنظیموں کے ٹھکانوں کیخلاف سرچ آپریشن کیا اور بھاری تعداد میں اسلحہ اور ایمونیشن برآمد کر لیا۔ سرچ آپریشن ضلع پنجگوراور گردونواح میںاغوا برائے تاوان، سیکورٹی فورسز پر حملے اورمعصوم اوربے گناہ شہریوں کے قتل عام میں ملوث کالعدم بلوچ شرپسند تنظیموں کیخلاف کیا گیا۔

مزیدخبریں