فیصل آباد (نمائندہ خصوصی) تھانہ صدر کے علاقہ میں گھریلو جھگڑے پر خاتون نے سر میں ڈنڈے مار کر سوتن کو قتل کر دیا۔ ملزمہ اپنی نند سمیت فرار ہو گئی۔ پولیس نے نعش تحویل میں لے کر آلہ قتل برآمد کر لیا۔ چک نمبر 235 ر۔ب نیاموآنہ کے قریب جھگیوں میں مقیم سدا بہار نے دو شادیاں کر رکھی تھیں اور اس کی اہلیہ ملزمہ ممتاز بی بی اور مقتولہ مظہر بی بی کے درمیان گھریلو ناچاقی پر اکثر جھگڑا رہتا تھا۔ گزشتہ روز ہونے والی لڑائی کے دوران ممتاز بی بی نے اپنی نند کے ہمراہ مشتعل ہو کر اپنی سوتن مظہر بی بی کے سر میں ڈنڈے مار کر اسے قتل کر دیا اور موقع سے فرار ہو گئیں۔ اطلاع پر صدر پولیس نے موقع پر پہنچ کر کارروائی شروع کر دی ہے۔