ملک بھر میں سردی بڑھ گئی، بالائی علاقوں میں نقل مکانی کا سلسلہ شروع

Dec 01, 2015

کوئٹہ (نوائے وقت رپورٹ) بلوچستان کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک ہے،قلات میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 4 اعشاریہ 5 درجے تک ریکارڈ کیا گیا ہے۔ ژوب میں 3،سبی 4،پنجگور اور بارکھان میں5 اور لسبیلہ میں کم سے کم درجہ حرارت 7 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران بلوچستان کے مختلف علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہنے کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق صوبے کے مختلف بالائی اور سرد علاقوںمیں موسم سرد اور خشک ہے، وادی کوئٹہ میں گزشتہ روز کی نسبت سردی کی شدت میں کمی آئی ہے اور کم سے کم درجہ حرارت ایک ریکارڈ کیا گیا ہے، سب سے زیادہ سردی قلات میں پڑی، جہاں پارہ منفی 4 اعشاریہ 5 تک گر گیا ہے۔ بلوچستان کے شمالی علاقوں میں موسم سرما کے آغاز کے ساتھ ہی بالائی علاقوں سے میدانی علاقوں کی جانب نقل مکانی کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 24گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک جبکہ بالائی علاقوں اور شمالی بلوچستان میں موسم سرد رہے گا،پنجاب اور خیبر پی کے سمیت مختلف علاقوں میں ٹھنڈ میں مزید اضافہ ہوگیا ہے۔ موسم خشک ہونے کے باعث لوگوں میں کھانسی اور دیگر بیماریاں پھیل رہی ہیں۔ سندھ کے مختلف شہر وں کو بھی ہوائوں نے اپنی لپیٹ میں لے لیا ہے،ملکہ کوہسار مری میں بھی سخت سردی بڑھنے کے ساتھ ساتھ سیاحوں کی آمد میں بھی آہستہ آہستہ اضافہ ہورہا ہے۔ 

مزیدخبریں