اسلام آباد: دو خواتین اسسٹنٹ ریٹرننگ افسروں کیخلاف مقدمہ‘ گرفتاری کا حکم

Dec 01, 2015

اسلام آباد (وقائع نگار) ریٹرننگ افسر ٹو کیپٹن (ر) وقاص رشید نے اسسٹنٹ ریٹرننگ افسرصبحیہ بی بی کو اپنی مرضی سے پولنگ سٹیشن چھوڑنے اور ڈیوٹی تبدیل کرنے کی پاداش پر سخت کارروائی کرتے ہوئے تھانہ سیکرٹریٹ میں مقدمہ درج کروادیا ہے خاتون افسر کیخلاف دفعہ 186کے تحت فرائض میں کوتاہی برتنے اور سرکاری فرائض میں رکاوٹ ڈالنے کی پاداش میں مقدمہ درج کرلیا گیا ہے اور اس کی گرفتاری کے احکامات جاری کیے گئے ہیں علاوہ ازیں مذکورہ آر او نے ہی ایک دوسری خاتون اسسٹنٹ ریٹرننگ آفیسر کی غیر حاضری اور فون بند کرنے پر سخت کارروائی کا حکم دیتے ہوئے اے آر او فائزہ انجم کے بھی وارنٹ گرفتاری جاری کردئیے ہیں۔ اسسٹنٹ کمشنر (سیکرٹریٹ) کا دیہی علاقہ پھلگراں کی یونین کونسل چھ وارڈ ٹو پر اچانک چھاپہ 6 پولنگ ایجنٹس کے موبائل فونز ضبط کرلیے ہیں ۔ بہارہ کہو کوٹ ہتھیال کی یونین کونسل 4کی وارڈ نمبر دو میں ایک ووٹرنے بیلٹ پیپر پولنگ سٹیشن سے باہر لیجانے کی کوشش کی تو پولیس نے اسے حراست میں لے لیا ۔ یونین کونسل 5کوٹ ہتھیال جنوبی وارڈ ٹو میں پی ٹی آئی اور مسلم لیگ (ن) کے کارکنوں کے درمیان لڑائی جھگڑے کے باعث پولنگ آدھا گھنٹہ وقت سے قبل سے ہی روک دی گئی۔ مذکورہ وارڈ میں مسلم لیگ (ن) کے امیدواروں نے مردوں کے بوتھ پر خواتین کو ووٹ پول کروانے کی کوشش کی۔

مزیدخبریں